Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جراسک ورلڈ کے سائمن مسرانی عرفان خان میں آپ کو بہت مس کرتی ہوں‘

بالی وڈ اداکارعرفان خان پچھلے سال 29 اپریل کو انتقال کر گئے تھے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
جراسک ورلڈ فلم کی اداکارہ برائس دلاس ہاورڈ نے 2020 کی یادگار اور پسندیدہ تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کی ہیں جن میں بالی وڈ اداکار عرفان خان کے ساتھ ان کی تصویر بھی شامل ہے۔
عرفان خان کے انتقال کے آٹھ ماہ بعد بھی فنکار کو یاد کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ برائس نے جراسک ورلڈ میں عرفان خان کے ساتھ بطور ساتھی اداکارہ کام کیا تھا۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق برائس نے تصویروں کے ساتھ ایک نوٹ بھی لکھا۔
انہوں نے نو تصاویر پر مشتمل کولاج شیئر کیا جن میں عرفان خان کے حوالے سے پوسٹ بھی شامل تھی۔
برائس نے لکھا ’خوش زندگی گزارنے کا بنیادی نکتہ یہ ہے کہ جو چیز آپ کے بس میں نہیں، اس کو تسلیم کر لیں، جراسک ورلڈ کے سائمن مسرانی عرفان خان میں آپ کو بہت مس کرتی ہوں‘
عرفان خان نے فلم میں سائمن مسرانی کا کردار ادا کیا تھا جو جراسک ورلڈ کے مالک ہوتے ہیں جبکہ برائس نے کلیری ڈیئرنگ کا کردار نبھایا تھا جو جراسک ورلڈ کی آپریشن مینجر ہوتی ہیں۔
اس فلم میں کریس پریٹ نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ عرفان خان کے انتقال پر برائس نے ٹویٹ کیا تھا۔
’عرفان آپ ایک شاندار انسان تھے اور ہم آپ کو ہمیشہ مس کرتے رہیں گے۔‘ ساتھ ہی انہوں نے فلم کی شوٹنگ کے پہلے روز سے لے کر آخری روز تک کھینچی جانے والی تصویریں بھی شیئر کی تھیں اور لکھا تھا ’میں بہت خوش قسمت ہوں کہ آپ کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع ملا، آپ اور آپ کے گھروالوں کے لیے محبتیں، ریسٹ ان پیس عرفان خان۔‘

برائس ڈلاس ہاورڈ نے 2020 کی یادگار پوسٹس شیئر کی ہیں جن میں عرفان خان بھی شامل ہیں۔ (فوٹو: انسٹاگرام)

جراسک ورلڈ کے ہدایت کار ٹریوورو نے بھی عرفان خان کی تصویر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا تھا ’عرفان خان کو کھونے پر اداس ہوں، ایک متفکر شخص جس کو اپنے اردگرد خوبصورتی ملی، یہاں تک کہ درد میں بھی۔‘ 
جراسک ورلڈ کے علاوہ بھی عرفان خان نے کئی ہالی وڈ فلموں میں کام کیا جن میں لائف آف پائی، انفرنو اور امیزنگ سپائیڈرمین شامل ہیں۔
انہوں نے آسکر ایوارڈ جیتنے والی فلم سلم ڈاگ میلینئر میں بھی کام کیا۔ عرفان خان پچھلے سال 29 اپریل کو انتقال کر گئے تھے۔

شیئر: