بس اونٹ سے ٹکرا گئی، تین افراد ہلاک، 30 زخمی
’16 مسافروں کی حالت نازک تھی جس کے باعث انہیں تیما ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے‘ (فوٹو: سبق)
تبوک ریجن کے تیما علاقے میں ایک مسافر بس اونٹ سے ٹکرا گئی جس کے باعث تین مسافر موقع پر ہی ہلاک ہوگیے جبکہ 30 زخمی ہوگئے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق حادثہ تیما کے دیہی مرکز الجہرا کے ہائی وے پر ہوا ہے۔
تبوک ریجن میں سعودی ہلال احمر نے کہا ہے کہ ’اتوار اور پیر کی درمیانی شب حادثے کی اطلاع ملی تھی‘۔
’فوری طور ہر متعدد طبی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں تو معلوم ہوا کہ مسافر بس اونٹ سے ٹکرا کر الٹ گئی ہے جس کے باعث تمام مسافر متاثر ہوئے ہیں‘۔
’حادثے کی وجہ سے 3 مسافر ہلاک ہوگئے، 14 مسافروں کے زخم معمولی تھے جنہیں طبی امداد دے کر فارغ کر دیا گیا ہے‘۔
’16 مسافروں کی حالت نازک تھی جس کے باعث انہیں تیما ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے‘۔
محکمے نے بتایا ہے کہ ’الٹ جانے کی وجہ سے مسافر بس میں پھنس گیے تھے جنہیں محکمہ شہری دفاع کی ٹیموں نے نکالا ہے‘۔
دوسری طرف تبوک محکمہ صحت نے کہا ہے کہ ’حادثے کی اطلاع ملتے ہی تیما ہسپتال میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا گیا تھا‘۔
’ریجن کی متعدد ایمبولینس اور امدادی ٹیموں کو ہنگامی بنیادوں پر جائے حادثہ روانہ کیا تھا‘۔
’حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کا تیما ہسپتال میں علاج جاری ہے‘۔