کولیسٹرول سے بچانے والی غذائیں
کولیسٹرول اس وقت تیزی سےبڑھتی ہوئی بیماری ہے جس کے لیے بے حد احتیاط کی ضرورت ہے . عام طور پر فاسٹ فوڈز ، کولڈڈرنک اور غیر صحت بخش غذاؤں کا استعمال اس بیماری کا سبب بنتا ہے کیونکہ یہ غذائیں خون میں کولیسٹرول کی شرح کو بڑھادیتی ہیں جو کہ بلڈ پریشر ، امراض قلب اور دیگر بیماریوں کا باعث بنتا ہے لہذا اس بیماری کو کنٹرول کرنے کے لیے کھانے پینے میں اعتدال از حد ضروری ہے . کولیسٹرول کی شرح کو کنٹرول کرنے کے لیے تازہ پھلوں کا استعمال بہت ضروری ہے . کیونکہ ان میں شامل وٹامنز ، منرلز اور اینٹی آکسیڈنٹس جسمانی دفاعی نظام کی طاقت بڑھانے کے ساتھ ساتھ خون میں کولیسٹرول کی شرح کو بھی کنٹرول کرتے ہیں .
مالٹے نہ صرف کولیسٹرول کی شرح کو کنٹرول کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں بلکہ انہیں نظام ہضم کا حصہ بنا کر دوران خون میں منتقل کر دیتے ہیں . مالٹے کے جوس کا ایک گلاس روزانہ استعمال کرنے سے وٹامن سی کی کثیر مقدارحاصل ہوتی ہے جو جسم میں مضر صحت کولیسٹرول کی مقدار کو بڑھنے نہیں دیتا .
سیب بھی موٹاپے سے تحفظ دینے میں فائدہ مند ثابت ہوتا ہے . روزانہ سیب کھانے کی عادت کولیسٹرول کو شریانوں میں اکٹھا ہونے سے بچاتی ہے .
خوبانی ایسے اجزء سے بھرپور پھل ہے جو مضر صحت کے بجائے فائدہ مند کولیسٹرول کو بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں . اس کے علاوہ اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس دیگر متعدد امراض سے تحفظ فراہم کرتے ہیں .
سرخ انگور بھی کولیسڑول کی شرح کم کرنے کے لیے بہترین قدرتی پھل ہے . یہ امراض قلب سے بھی تحفظ فراہم کرتا ہے . ان انگوروں میں فائبر کی شرح بہت زیادہ ہوتی ہے . طبی تحقیق کےمطابق سرخ انگوروں کا چھ ہفتے تک روزانہ استعمال مضر صحت کولیسٹرول کی شرح میں 14 فی صد تک کمی لاتا ہے .
کولیسٹرول کے مرض میں مبتلا افراد اگر سنجیدگی سے ان باتوں پر عمل کر لیں تو جلد ہی اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے .