کیا تابوتوں کے پاس بیٹھی بچیاں بلیک میلر ہیں؟ مریم نواز
کیا تابوتوں کے پاس بیٹھی بچیاں بلیک میلر ہیں؟ مریم نواز
جمعہ 8 جنوری 2021 16:18
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے ہزارہ برادری کے افراد کو بلیک میلر کہہ کر فرعونیت کا ثبوت دیا ہے۔ ’ہزارہ برادری کو سکیورٹی دینا حکومت کی ذمہ داری تھی جس میں وہ ناکام ہوئی ہے، وزیراعظم کا بیان انسانیت سے عاری ہے۔‘
جمعے کو کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ وہ اس ایشو پر سیاست نہیں کر رہیں لیکن عمران خان کے بیان کے بعد قوم سے بات کیے بغیر نہیں رہ سکیں۔
مریم نواز نے ہزارہ برادری سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ میتوں کو دفن کریں اور ایک بے حس شخص کا انتظار مت کریں۔
انہوں نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’آپ کے پاس دھوپ سینکنے، کتوں کے ساتھ کھیلنے کا وقت ہے لیکن مظلوموں کے پاس جانے کا نہیں۔‘
’ہزارہ آپ سے مرنے والوں کو زندہ کرنے کا نہیں کہہ رہے بلکہ چاہتے ہیں انہیں تسلی دیں کہ آئندہ ایسا نہیں ہو گا‘
مریم نواز نے ہزارہ برادری کی تابوتوں کے پاس بیٹھی بچیوں کی تصویریں دکھاتے ہوئے وزیراعظم کو مخاطب کیا اور کہا ’کیا یہ بلیل میلر ہیں؟‘ مریم نواز کا کہنا تھا کہ قوم یہ پوچھنے میں حق بجانب ہے کہ وزیراعظم کوئٹہ کیوں نہیں گئے۔
بقول ان کے اگر سکیورٹی کا مسئلہ تھا تو وہ انہیں بھی تھا۔ ’ہمیں بھی سکیورٹی کلیئرنس نہیں ملی تھی پھر بھی ہم گئے‘
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے جس غرور، تکبر اور سفاکیت پر مشتمل بیان دیا ہے اس کے بعد ہم ان کے لیے صرف دعا ہی کر سکتے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ان کے پاس الفاظ نہیں جن میں وہ ہزارہ کی خواتین کا دکھ بیان کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم سکیورٹی کی وجہ سے نہیں گئے تو کیا ان کی جان 22 کروڑ عوام سے زیادہ قیمتی ہے۔
انہوں نے وزیراعظم کے اس بیان کہ ’میتیں دفن کرنے کے بعد وہ کوئٹہ جائیں گے‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میتیں دفن کیے جانے کے بعد آپ کے دورے کی کوئی حیثیت نہیں ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اس بے حسی کا جواب عوام کو بھی دنیا پڑے گا اور اللہ تعالیٰ کو بھی۔
نواز شریف کا ہزارہ مقتولین کا معاملہ پی ڈی ایم میں لے جانے کا فیصلہ
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے ہزارہ برادری کی حمایت میں احتجاج کی کال کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی قیادت اور کارکنوں کو بھرپور شرکت کی ہدایت کی ہے۔
جمعے کے روز مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ اور شہباز شریف سمیت پوری جماعت اس مشکل گھڑی میں ہزاردہ برادری کے غم میں شریک ہے۔
بیان کے مطابق نواز شریف نے ہزارہ برادری کے مقتولین کا معاملہ پی ڈی ایم میں لے جانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ مریم اورنگزیب کے مطابق نواز شریف نے شاہد خاقان عباسی کو مولانا فضل الرحمن اور دیگر قائدین سے فوری رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔