Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی خواتین اجازت کے بغیر شناختی کارڈ جاری کرا سکتی ہیں‘

بیوی، شوہر کی اجازت کے بغیر قومی شناختی کارڈ جاری کراسکتی ہے(فوٹو عکاظ)
سعودی عرب میں محکمہ احوال مدنیہ نے کہا ہےکہ بیوی، شوہر کی اجازت کے بغیر قومی شناختی کارڈ جاری کراسکتی ہے اوراس کے لیے شوہر کی منظوری ضروری نہیں ہے۔  
عکاظ اخبار کے مطابق محکمہ احوال مدنیہ نے بتایا کہ دس سے پندرہ برس عمر کے لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے قومی شناختی کارڈ کا اجرا اختیاری ہے لازمی نہیں البتہ 15 برس کی عمر کو پہنچ جانے پر لڑکوں اور لڑکیوں دونوں کے لیے قومی شناختی کارڈ حاصل کرنا لازمی ہے۔  

شناختی کارڈ جاری کرانے کےلیے آن لائن تاریخ اور وقت بک کرالیں۔( فوٹو عکاظ)

محکمہ احوال مدنیہ نے کہا کہ جو لڑکیاں اور لڑکے قومی شناختی کارڈ جاری کرانا چاہتے ہوں وہ آن لائن تاریخ اور وقت بک کرالیں۔  ویب سائٹ پر موجود ضوابط  کی پابندی کریں۔ 
محکمہ احوال مدنیہ نے بیان میں کہ اگر لڑکی یا لڑکا پندرہ برس کی عمر کو پہنچ جائے تو ایسی صورت میں اسے قومی شناختی کارڈ کے اجرا کے لیے باپ کی منظوری ضروری نہیں البتہ اگرعمر دس سے پندرہ برس کے درمیان ہو تو ایسی صورت میں بچی یا بچہ آن لائن کارروائی کراسکتے ہیں تاہم اس کی کارروائی اسی صورت میں مکمل ہوگی جب ہمراہ سرپرست بھی ہوگا۔

شیئر: