سعودی عرب میں گزشتہ ہفتہ بڑا اہم تھا جس میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی دعوت پر جی سی سی ممالک کی 41 ویں کانفرنس منعقد ہوئی، خلیجی ممالک کے درمیان مصالحت ہوئی۔
جی سی سی ممالک کی 41 ویں کانفرنس کی سربراہی شہزادہ محمد بن سلمان نے کی اور اہم خطاب کیا جس میں جی سی سی ممالک کی مصالحت پر زور دیا گیا اور مشترکہ دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے اتحاد کی اہمیت اجاگر کی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اسی ہفتہ کے آخر میں سب سے اہم خبر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کا کورونا ویکسین لگوانا تھا۔ اس خبر پر تمام شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی نظر مرکوز ہوگئیں جس میں یہ پیغام بھی دیا گیا کہ ویکسین انتہائی محفوظ ہے۔
1: شاہ سلمان نے کورونا ویکسین لگوا لی
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے گزشتہ ہفتے کے اختتام میں نیوم کورونا ویکسین کا پہلا انجیکشن لگوایا تھا۔
وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کورونا ویکسین لینے پر شاہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
وزیر صحت نے کہا کہ ’خادم حرمین شریفین اس بات کے لیے ہمارے شکریے کے مستحق ہیں کہ انہوں نے وبا کے آغاز سے لے کر اب تک وطن عزیز کی سرزمین پر موجود سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے مفاد کے لیے ہر ممکن مدد کی‘۔
مزید تفصیل کے لیے یہاں کلک کریں
2: العلا کانفرنس
العلا کے مرایا ہال میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سربراہی میں جی سی سی سربراہ کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں ولی عہد نے کانفرنس کو سلطان قابوس اور شیخ صباح الاحمد سے موسوم کردیا۔
ولی عہد نے خطاب کے آغاز میں العلا سربراہ کانفرنس کے شرکا کا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے خیر مقدم کیا اور کہا کہ ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالی ہمیں اپنے عوام کی خاطر مشترکہ مفادات کے حصول، باہمی تعاون اور صلاح و فلاح کے کاررواں کو جاری رکھنے کی توفیق عطا کرے اور ہمارے خطے کے امن و استحکام کو یقینی بنائے۔
سعودی ولی عہد نے مزید کہا کہ ’آج ہمیں اپنے خطے کی ترقی، درپیش خطرات سے نمٹنے خصوصاً ایران کے ایٹمی پروگرام، بیلسٹک میزائل پروگرام اور اس کے تخریبی پروگراموں کا مقابلہ کرنے کے لیے اتحاد و اتفاق کی اشد ضرورت ہے۔‘
3: العلا اعلامیہ کا اجرا
العلا کے مرایا ہال میں منعقد ہونے والی جی سی سی سربراہ کانفرنس کے اختتام پر العلام اعلامیہ جاری ہوا جس میں خلیجی، عرب اور مسلم ممالک کے امن و استحکام اور اتحاد و اتفاق استوار کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔
خلیجی عرب اور مسلم ممالک و اقوام کے مابین اخوت اور اُلفت کے رشتے مضبوط بنانے اور ان کی امیدوں اور آرزوؤں کی تکمیل کا عہد و پیمان بھی کیا گیا ہے۔
اعلامیہ میں جی سی سی ممالک نے اتحاد واتفاق کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خلیجی ریاستیں مشترکہ مقاصد اور اہداف کی تکمیل کے لیے متحد ہیں۔
4:شہزادہ محمد بن سلمان کا ماسک، مارکیٹ سے ’سولڈ آؤٹ‘
العلا میں جی سی سی کانفرنس کے دوران ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جو ماسک پہنے رکھا وہ توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سوشل میڈیا صارفین نے ولی عہد کی متعدد تصاویر شیئر کرتے ہوئے ماسک کے بارے میں استفسار کیا ہے۔
مزید تفصیل کے لیے یہاں کلک کریں
5:کابینہ کے 9 فیصلے
خادم حرمین شریفین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی سربراہی میں کابینہ کا آن لائن اجلاس ہوا جس میں شاہ سلمان نے جی سی سی ممالک کی سربراہ کانفرنس کے انعقاد پر خلیجی ممالک کے سربراہان کا شکریہ ادا کیا۔
کابینہ نے بین الاقوامی امور اور معاملات پر غور کرنے اور ملکی امور کا جائزہ لینے کے بعد 9 اہم فیصلے کیے۔
کابینہ نے ولی عہد کے خطاب کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ خادم حرمین شریفین کی قیادت میں سعودی عرب ملک کے مفادات اور مستقبل کی منصوبہ بندی کے تحت قدم بڑھا رہا ہے۔
6:کورونا کے مریض
وزارت صحت نے جمعہ کو کورونا کے 97 مریضوں کے تصدیق کی ہے جس کے بعد کورونا کے مریضوں کی کل تعداد بڑھ کر 363582 ہوگئی ہے۔
وزارت نے کہا ہے کہ 171 مریض شفایاب ہوئے ہیں جس کے بعد کل تعداد بڑھ کر 355208 ہوگئی ہے۔
جمعہ کو کورونا کے باعث 4 مریض ہلاک ہوئے تھے ، کل تعداد6282 ہوگئی ہے۔
7: نیا کورونا وائرس سعودی عرب میں
وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ ملک میں نئے کورونا وائرس کے شکار 10 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’ مذکورہ مریض روبہ صحت ہیں‘۔
’مذکورہ مریضوں کے ساتھ حالت کے مطابق معاملہ کرتے ہوئے انہیں قرنطینہ کردیا گیا اور ان کی نگرانی جاری ہے‘۔
’معلوم ہوا ہے کہ انہوں نے 27 افراد کے ساتھ میل جول رکھا ہے جن کا ٹیسٹ لینے پر منفی نتیجہ نکلا ہے‘۔
’مذکورہ 10 افراد کے روبہ صحت ہونے کے بعد نئے کورونا وائرس کے مزید مریض نہیں ہیں‘۔
8: کورونا ویکسین مضر نہیں
وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ الباحہ اور الجوف میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کا کوئی نیا مریض ریکارڈ پر نہیں آیا۔
’صحتی ایپ میں کورونا ویکسین لینے کے لیے 10 لاکھ سے زائد افراد نے رجسٹریشن کی ہے‘۔
’سعودی عرب میں اب تک ایک لاکھ 37 ہزار افراد نے ویکسین لی ہے‘۔
’ویکسین لینے والوں میں ابھی تک کوئی منفی علامات نظر نہیں آئیں جس کا مطلب ہے کہ ویکسین انتہائی محفوظ ہے ‘۔
9: طاقتور ترین اور مضبوط ممالک کی فہرست میں سعودی عرب
2021 میں دنیا کے طاقتور ترین اور مضبوط ممالک کی فہرست میں سعودی عرب کا نمبر 11 واں ہے۔
سعودی عرب 179 ممالک کی ترتیب میں آگے ہیں جن میں کینیڈا، ترکی، آسٹریلیا، سویڈن، سپین، ایران، یونان، اوکرانیا، مصر، برازیل اور دوسرے ممالک شامل ہیں۔
عالمی ادارے کی طرف سے جاری ہونے والی فہرست میں سعودی عرب کو مضبوط معیشت اور عسکری طور پر طاقتور ملک قرار دیا گیا ہے۔
فہرست میں امریکہ کو پہلا چین کو دوسرا اور روس کو تیسرا نمبر دیا گیا۔
10: سعودی پاسپورٹ 66 ویں نمبر پر
سعودی پاسپورٹ کو دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹ میں 66 واں نمبر دیا گیا ہے۔
دنیا کے 110 ممالک میں سعودی پاسپورٹ کے حامل شہریوں کو 79 ملکوں میں پیشگی ویزہ لیے بغیر سفر کی اجازت ہے۔
11: سعودی عرب نے تیل کی ترسیل کم کر دی
وزیر توانائی شہزادہ عبد العزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ فروری اور مارچ میں سعودی عرب تیل کی ترسیل کی مقدار 10 لاکھ بیرل یومیہ کم کردے گا۔
تیل کی ترسیل میں کمی کے بعد سعودی عرب عالمی منڈی کو روزانہ 8119 ملین بیرل روزانہ فراہم کرے گا۔
وزیر توانائی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی طرف سے تیل کی ترسیل کی مقدار میں کمی سے اوپک پلس ممالک کو بھی تیل کی ترسیل کی مقدار میں کمی کے لیے ابھارا جارہا ہے۔
عالمی منڈی میں تیل کی قیمت معقول سطح پر برقرار رکھنے کے لیے مناسب اقدامات اٹھانا ضروری ہے۔
12: ڈیجیٹل شناخت: ’اب اقامہ ساتھ رکھنے کی ضرورت نہیں ہوگی‘