عمرہ سیزن کے عروج کے دوران 6.8 ملین افراد نے سفر کیا
’عمرہ سیزن کا عروج رمضان المبارک کے آغاز سے لے کر شوال کی 7 تاریخ تک رہا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ شہری ہوا بازی کے تحت کام کرنے والی ایئرپورٹس ہولڈنگ کمپنی نے کہا ہے کہ عمرہ سیزن کے عروج کے دوران 6.8 ملین سے زائد عام افراد اور عمرہ زائرین نے سفر کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق کمپنی نے کہا ہے کہ ’یہ آمد و رفت سعودی عرب کے چار ہوائی اڈوں کے ذریعے ہوئی ہے‘۔
کمپنی نے کہا ہے کہ ’عمرہ سیزن کا عروج رمضان المبارک کے آغاز سے لے کر شوال کی 7 تاریخ تک رہا ہے‘۔
کمپنی نے وضاحت کی ہے کہ مسافروں کی یہ آمد و رفت جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ، مدینہ منورہ کے پرنس محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ینبع کے پرنس عبدالمحسن بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور طائف انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ذریعے ہوئی ہے۔
کمپنی نے بتایاہے کہ ’مسافروں کی آمد و رفت بین الاقوامی پروازوں کے ذریعے زیادہ رہی جن کی تعداد 4.6 ملین سے زیادہ تھی جس میں آمد و روانگی دونوں شامل ہیں جبکہ اندرونِ ملک پروازوں پر سفر کرنے والوں کی تعداد 2.1 ملین رہی ہے‘۔
’ اس عرصے کے دوران کل پروازوں کی تعداد تقریباً 40 ہزار رہی جن میں سے 25 ہزار سے زائد بین الاقوامی اور 14 ہزار سے زیادہ اندرونِ ملک پروازیں تھیں‘۔
’جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے سب سے زیادہ مسافروں اور عمرہ زائرین کا استقبال کیا ہے جن کی تعداد 5.3 ملین سے زائد رہی‘۔
’اس کے بعد مدینہ منورہ کے پرنس محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا نمبر آیا جہاں 1.1 ملین سے زیادہ مسافر اور عمرہ زائرین نے سفر کیا ہے‘۔
’جبکہ ینبع کے پرنس عبدالمحسن بن عبدالعزیز ایئرپورٹ اور طائف انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ذریعے سفر کرنے والے کل مسافروں اور عمرہ زائرین کی تعداد 2 لاکھ 12 ہزار سے زائد رہی ہے‘۔