Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فائنل ایگزٹ کے لیے ورک پرمٹ آن لائن کیسے نکلوائیں؟

جوازات جانے سے قبل مطلوبہ فیس ادا کرنا ہوگی۔ (فوٹو: جوازات)
سعودی  وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے خروج نہائی (فائنل ایگزٹ) ویزا نکلوانے کے لیے ورک پرمٹ کے آن لائن اجرا کا طریقہ کار جاری کیا ہے۔ 
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت افرادی قوت نے اپنے سرکاری اکاؤنٹ پر بیان میں کہا ہے کہ اگر کسی غیرملکی ملازم کا ورک پرمٹ ختم ہو گیا ہو اور اس کا ادارہ اسے فائنل ایگزٹ پر وطن واپس بھیجنا چاہتا ہو تو ایسی صورت میں ورک پرمٹ جاری کرایا جا سکتا ہے۔
ایسے کارکنان کا ورک پرمٹ بھی جاری ہو سکتا ہے جنہیں خروج نہائی پر بھیجا جا رہا ہو اور ان کا ورک پرمٹ بنا ہی نہ ہو۔  
وزارت افرادی قوت نے آن لائن خروج نہائی ویزا نکلوانے کے لیے ورک پرمٹ جاری کرانے کے طریقہ کار کی وضاحت کی ہے۔ 
آن لائن سروس ویب سائٹ وزٹ کریں، ادارے کا انتخاب کریں اس کے بعد خروج نہائی کی غرض سے ورک پرمٹ کے اجرا  والے خانے کا انتخاب کریں۔ 
اگر آپ ورک پرمٹ کا اجرا چاہتے ہوں تو (یس) کو دبائیں پھر مطلوبہ کارکن کا نام درج کریں، اس کے بعد پُش کریں۔ 
جس ملازم کو خروج نہائی پر بھیجا ہو اس کا انتخاب کریں (اصدار) اجرا پر پُش کریں اس کے بعد مطلوبہ رقم  کا نمبر سامنے  آئے گا اور ادائیگی کا نمبر بھی نظر آئے گا۔ 
محکمہ پاسپورٹ جانے سے قبل مطلوبہ فیس ادا کر دیں۔ فیس ادا کرنے کے بعد خروج نہائی ویزے کے اجرا کے لیے جوازات جائیں۔ 
وزارت افرادی قوت نے لیبر آفس کے ذریعے خروج نہائی نکلوانے کے لیے ورک پرمٹ کے اجرا ک کا طریقہ بھی بیان کیا ہے۔ 
لیبر آفس جائیں وہاں خروج نہائی نکلوانے کے لیے ورک پرمٹ نکلوانے کی درخواست دیں۔ 

کوئی بھی نجی ادارہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ (فوٹو ایس پی اے) 

لیبر آفس کا اہلکار پیش کردہ دستاویزات چیک کرے گا اور مطلوبہ فیس کی ادائیگی کے لیے نمبر جاری کرے گا اور آپ کی درخواست وزارت داخلہ بھیج دے گا۔ 
جوازات جانے سے قبل مطلوبہ فیس ادا کرنا ہوگی۔ فیس ادا کرکے  جوازات جائیں اور وہاں سے خروج نہائی ویزا جاری کروالیں۔ 
وزارت افرادی قوت نے اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے ضابطے مقرر کیے ہیں۔ 
غیرملکی ملازم ڈیوٹی پر ہو اور اس کا ورک پرمٹ یا اقامہ ختم ہوگیا ہو۔
غیرملکی ملازم  نطاق والے نظام میں شامل ہو۔
وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے اس سہولت سے استفادے کے لیے نجی ادارے کی بابت شرائط مقرر کی ہیں۔
کوئی بھی نجی ادارہ وہ کسی بھی نطاق والا ہو اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ 

وزارت افرادی قوت نے سہولت سے استفادے کے لیے شرائط مقرر کی ہیں۔ (فوٹو عاجل)

ایسے کسی بھی ادارے کو اپنے ملازم کے لیے خروج نہائی کا ویزا جاری کرانے کے لیے ورک پرمٹ کے اجرا کی اجازت اس وقت تک نہیں ہوگی جب تک کہ غیرملکی کے اقامے کی تاریخ ختم ہونے پر30 دن نہ گزر جائیں یا نئے ملازم کی آمد پر 120 روز کا عرصہ نہ گزر چکا ہو۔ 
وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ غیرملکی کارکن بذات خود لیبرآفس سے رجوع کرکے خروج نہائی  ورک پرمٹ جاری کرا سکتا ہے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ غیرملکی کارکن کو سعودی عرب میں داخل ہونے والے کمپیوٹر نمبر کی بنیاد پر خروج نہائی مل سکتا ہے بشرطیکہ مملکت آمد پر نوے دن سے زیادہ ہو چکے ہوں۔
محکمہ پاسپورٹ کے اہلکار ایسی صورت میں اسے اقامہ نمبر اور خروج نہائی دونوں بیک وقت جاری کر سکتے ہیں۔ 

شیئر: