Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں کورونا کیسز کی تعداد مسلسل بڑھنے لگی

متاثرین کی تعداد دو لاکھ 39 ہزار587 ہوگئی ہے (فوٹو: روئٹرز)
متحدہ عرب امارات میں کورونا کی دوسری لہر جاری ہے اور  نئے کیسز کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔
بدھ کو پچھلے چوبیس گھنٹے میں کورونا کے تین ہزار 326 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ گذشتہ روز تین ہزار 224 نئے کیسز سامنے آئے تھے۔
وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 39 ہزار587 ہوگئی ہے۔ نئے مریض مختلف قومیت سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کی حالت مستحکم ہے۔

کورونا کے ایک لاکھ 34 ہزار 768 مزید ٹیسٹ کیے گئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام نے وزارت صحت و تحفظ کے حوالے سے بتایا کہ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران جدید تشخیصی طبی آلات کی مدد سے کورونا کے ایک لاکھ 34 ہزار 768 مزید ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
وزارت کے مطابق زیرعلاج مریضوں میں سے مزید چھ کی اموات ہوئی ہیں جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 723 ہو گئی ہے۔
اسی طرح مریضوں میں سے مزید دو ہزار 588 مکمل صحت یاب ہو گئے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر دو لاکھ 13 ہزار 149 ہوگئی ہے۔ 
دریں اثنا دبئی کے حکمران محمد بن راشد المکتوم نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو کورونا ویکسین لگوانے کی حوصلہ افزائی کی ہے۔
امارات کے نائب صدر نے ایک ٹویٹ میں کہا ’ویکسین لگوانے سے سب کی صحت کی حفاظت ہوگی۔‘
’ویکسین لگوانا ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی صحت، فیملی اور پورے معاشرے کا تحفظ کرے۔‘
سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق متحدہ عرب امارات میں پچھلے چوبیس گھنٹے میں ایک لاکھ اٹھ ہزار 401 افراد کو کورونا ویکسین لگائی گئی ہے۔

شیئر: