پچھلے چو بیس گھنٹے میں تین ہزار 224 نئے مریض سامنے آئے ہیں (فوٹو: روئٹرز)
متحدہ عرب امارات میں منگل کو کورونا وبا کے آغاز سے اب تک ایک دن میں ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں۔ پچھلے چوبیس گھنٹے میں تین ہزار 224 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔
نئے مریض مختلف قومیت سے تعلق رکھتے ہیں، ان سب کی حالت مستحکم ہے اور انہیں ضروری علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔
امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام نے وزارت صحت و تحفظ کے حوالے سے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جدید طبی تشخیصی آلات کی مدد سے کورونا کے ایک لاکھ 51 ہزار 480 مزید ٹیسٹ کیے گئے۔
بیان کے مطابق امارات میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد دو لاکھ 36 ہزار 225 ہو گئی ہے۔
وبا سے متاثرہ مریضوں میں سے مزید دو ہزار 195 مکمل صحت یاب ہو گئے جس سے مجموعی طور پر صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر دو لاکھ 10 ہزار 561 ہوگئی ہے۔
وزارت نے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ 19 کے زیرعلاج مریضوں میں سے طبی پیچیدگی کی وجہ سے چھ اموات ہوئی ہیں، جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 717 ہو گئی ہے۔
وزارت نے عوام کو احتیاطی تدابیر کا سلسلہ جاری رکھنے اور سماجی فاصلے جیسے حفاظتی اقدامات کی پابندی جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
دریں اثنا وام کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹے میں مزید ایک لاکھ 8 ہزار 401 افراد کو کورونا ویکسین لگا دی گئی ہے۔ اب تک بارہ لاکھ 75 ہزار 652 کو ویکسین کی پہلی خوراک دی گئی ہے۔