سیدتی میگزین نے ایک مضمون میں کارل ہوولینڈ کے بتائے اہم نکات بیان کیے ہیں۔ ان نکات کے ذریعے اپنا پیغام موثر انداز میں پہنچا کر دوسروں کو قائل کیا جا سکتا ہے۔
وقت بڑا اہم ہوتا ہے
کسی کو قائل کرنے میں صبر کا بڑا کردار ہوتا ہے۔ اس لیے کسی سے کوئی بات کرنے سے قبل سوچ لینا چاہیے اور اپنے ذہن میں چلنے والی سوچ سے صبر کے ساتھ باہر نکالیں۔ جس شخص سے آپ مخاطب ہیں اس کے حالات سے اچھی طرح واقف رہیں تاکہ اسے مناسب موقع پر بات کرکے قائل کرسکیں۔
محبت کا اظہار
جس شخص سے آپ بات کررہے ہیں اسے منانے کے لیے اپنے آپ کو اس کی جگہ رکھ کر سوچیں، اس سے آپ کو اسے منانے میں آسانی ہوجائے گی۔ سب سے پہلے اس بات کا اندازہ لگائیں کہ آپ کو اسے منانے میں کونسی رکاوٹیں ہیں۔ آپ اسے یقین دلایے کہ آپ اس کے حالات اور خوف سے واقف ہیں پھر اس خوف کے بہترین حل بھی تجویز کیجیے۔
باڈی لینگویج کی طرف بھرپور توجہ دیں
بہت سارے مسائل صرف باڈی لینگویج کے درست استعمال سے حل ہوجاتے ہیں۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی باڈی لینگویج سے امید اور اعتماد جھلکتا ہو۔ مثلاً بات کرتے وقت ٹیک مت لگائیں اور آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کریں۔
تعریف سے بھرپور القاب دیں
لوگ ہمیشہ ایسے لوگوں سے متاثر ہوتے ہیں جو ان کی تعریف کریں اور انہیں اچھے القاب سے یاد کریں۔ وہ آپ کی یہ عادت کبھی نہیں بھولیں گے اور ہمیشہ آپ کے مشکل وقت میں آپ کا ساتھ دیں گے۔
اپنی رائے کو چانچتے رہیں
اپنی رائے کو چانچتے رہیں، اس سے آپ کو یہ معلوم ہو گا کہ کون آپ سے متفق اور کون آپ کی رائے کے خلاف ہیں۔ کیا اس رائے کے حامل آپ اکیلے ہیں یا آپ کے ساتھ کچھ اور لوگ بھی اتفاق کرتے ہیں۔
مستقل مزاج رہیں
بعض اوقات ایک سے زیادہ مجالس کسی ایک موضوع پر ہوتی ہیں۔ کسی کے لیے دل میں بغض مت رکھیں، یہ بھی مت سوچیں کہ مجلس آپ کی رائے کے خلاف جارہی ہے تو لوگ آپ کو دیکھ رہے ہوں گے۔ بلکہ شرکاء مجلس کے اختلاف کی وجوہات پہ غور کیجیے اور مناسب وقت پر دوبارہ بات کیجیے۔ جب آپ اپنا موقف بار بار دہرائیں گے تو لوگ سنجیدگی سے اس پر سوچنے پر مجبور ہوں گے۔
اعتماد کے ساتھ معاملات حل کریں
جب لوگ یہ محسوس کریں گے کہ جو آپ کہہ رہے ہیں اس پر آپ کو یقین ہے تو وہ آپ کی طرف کھنچتے چلے آئیں گے۔
اسی طرح اعتماد کے ساتھ بات کریں۔ جب آپ نے اپنے آپ کو مطمئن کرلیا تو لوگوں کو بھی قائل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔