Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیا سال، نئے ارادے: مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے کیا کریں؟

اپنی چھوٹی چھوٹی کامیابیوں کو محسوس کرنے کے لیے انہیں دوسروں کو بتائیں (فوٹو: ٹوئٹر)
جو کچھ ہوا اسے تبدیل نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی اس کو درست کیا جا سکتا ہے لیکن ماضی میں جو کچھ ہوا اس کا جائزہ لے کر ہم اپنے نئے سال کو بہتر بنانے کی کوشش ضرور کر سکتے ہیں۔
اپنی غلطیوں سے سبق حاصل کرنے اور بہتر مستقبل کی تشکیل کے لیے اور اس سے پہلے کہ ہم موجودہ حالات کے بارے میں بات کریں اور مستقبل کے بارے میں منصوبہ بندی کریں ہمیں پہلے یہ دیکھنا ہے کہ ہم اپنے ماضی کو کیسے دیکھیں اور ایک سال میں اپنی ناکامی یا کامیابی کا فیصلہ کیسے کریں؟
شخصیت کی ترقی اور بہتری کی ماہر ڈاکٹر سناء الجمل کا کہنا ہے کہ 'ہمیں کچھ منطقی اور عملی طریقوں کی ضرورت ہے جس سے ہم کچھ  منفی احساسات کے ذریعے پورے سال کو تباہ کرنے کے بجائے بہتر انداز میں جائزہ لے سکیں۔'
اصول 1: رکاوٹوں کی نشاندہی کریں
فرض کریں آپ نے گذشتہ سال فرانسیسی زبان میں مہارت کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا ایک مقصد طے کیا تھا اور  دسویں لیول تک پہنچے تھے لیکن مکمل نہ کر سکے، آپ کو چاہیے کہ اس کی وجہ تلاش کریں۔ کیا اس کی وجہ کا تعلق آپ سے ہے یا آپ کے کنٹرول سے باہر، اگر دوسری صورت ہے تو آپ نے اس مقصد کا 70 فیصد پورا کیا، اور اس سال میں باقی 30 فیصد رہ گئے ہیں، جسے آپ نے حاصل کرنا ہے۔
اصول 2 : اپنی ترجیحات طے کریں اور اپنے آپ کو مت بکھیریں
آپ نے اپنے طے شدہ مقصاد کا 70 فیصد حاصل کیا لیکن چونکہ 30 فیصد باقی ہے اس لیے اس صورتحال سے آپ کو اب بھی مایوسی محسوس ہوتی ہے۔ یاد رکھیں کہ آپ کی ترجیحات آپ کے لیے اہم ترین ہیں، انہیں ہمیشہ ذہن میں رکھیں اور ان پر توجہ دیں، زندگی میں بہت خوبصورت چیزیں ہیں لیکن یہاں سوال یہ ہے کہ آپ ان سب چیزوں سے کیا چاہتے ہیں؟ کس چیز سے آپ خوشی محسوس کریں گے؟
 اصول 3: ہمیشہ اپنے اہداف کو دھیان میں رکھیں
انسان کو اپنی منزل ہمیشہ یاد رکھنے کے لیے اسے کاغذ پر لکھنا چاہیے اور اسے ہمیشہ ذہن میں رکھیں۔ تاکہ آپ اسی سمت پر ہوں جو آپ کو منزل تک پہنچائے۔  کیا آپ نے اسے لکھا ہے؟ اگر ایسا کیا ہے تو پھر بہت خوب۔ اب اگلا قدم یہ ہے: بڑے ہدف کو چھوٹے چھوٹے مقاصد اور مراحل میں تقسیم کریں، اور پھر انہیں سال میں تقسیم کر لیں۔

اپنے اہداف کو چھوٹے چھوٹے مراحل میں تقسیم کر لیں (فوٹو: ٹوئٹر)

جب بھی آپ کسی مقصد کو حاصل کرلیں گے تو اس کے سامنے مکمل ہونے کا لکھ دیں، اس طرح آپ کو شخصی بہتری سے متعلق ترقی کا اندازہ ہو گا، اس راہ پر بڑھتے ہوئے جتنی بھی دیر ہو محنت جاری رکھیں۔
اصول 4: اپنا جائزہ لیں
جی اس کا مطلب وہی ہے جو آپ سمجھے ہیں۔ وقتاً فوقتاً آپ اپنا اور اپنے کام  کا جائزہ لیں۔ اپنے آپ سے یہ سوالات پوچھیں:
کیا واقعتاً وہی ہوا جو آپ چاہتے تھے یا حالات آپ کو کسی اور طرف لے گئے؟
کیا آپ ہدف تک پہنچ گئے ہیں، جیسے آپ نے منصوبہ بنایا تھا ویسے ہی آگے بڑھے یا دوسرے ذرائع استعمال کرکے پہنچے ہیں؟
کیا آپ اپنے اور اپنے کارنامے سے مطمئن ہیں؟
آپ کی راہ میں کون سی رکاوٹیں آئیں اور آپ نے ان پر کیسے قابو پایا؟

کام کے دوران آرام کریں تو اس دوران اہداف کے متعلق نہ سوچیں (فوٹو: ٹوئٹر)

کیا آپ اب بھی اس مقصد پر قائم ہیں یا آپ اس سے  کنارہ کشی اختیار کر چکے ہیں؟
اصول 5: خود کو انعام دو 
اب آپ کی یہی ضرورت ہے کہ آپ کو وقتاً فوقتاً اپنی کامیابی کو محسوس کرنا چاہیے کہ یہ کتنا خوبصورت احساس ہے! یہ احساس آپ کو شروع کیے گئے کام کو مکمل کرنے پر مجبور کرے گا۔ ہدف کی جانب سفر کے دوران جب آپ اپنے مقاصد سے کچھ دیر کے لیے ہٹ گئے یا پھر دوبارہ منزل کی جانب بڑھنے کا آغاز کیا، اس دوران یقیناً کچھ نہ کچھ ٹارگٹ حاصل کیا ہو گا تو اس کا اظہار کریں۔ ہدف چھوٹا ہو یا بڑا اپنے دوستوں، رشتہ داروں کو بتائیں اور سوشل میڈیا پراس کا ذکر کریں تاکہ آپ کامیابی کی خوشی محسوس کر سکیں۔
ہوسکتا ہے کہ آپ اپنے آپ کو کسی اور طریقے سے انعام دینا چاہیں شاید چھٹی کرنے سے، پکنک، یا ہوسکتا ہے کہ آپ کسی ڈنر سے لطف اٹھائیں۔

کامیابی کا احساس آگے بڑھنے کے لیے توانائی مہیا کرے گا (فائل فوٹو: السیدتی)

اصول 6: آرام کریں 
جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ آرام کرنا گویا سفر کا اختتام ہے وہ اس معاملے میں غلط ہیں۔ حقیقت میں معاملہ اس کے برعکس ہے، آرام کسی بھی کام کا لازم حصہ ہے، مثلاً اگر رات کا آرام نہ ہو تو ہم شاید دوبارہ کام کے لیے تیار نہیں ہو سکتے تھے۔ نیند کی بدولت ہم صبح جو لطف اٹھاتے اور تازگی پاتے ہیں کچھ ایسی ہی توانائی کام کے دوران ذہن کو دیے گئے وقفوں سے بھی ملتی ہے۔ وقتاً فوقتاً ہمارے ذہن کو آرام کی ضرورت ہے، جب ایسا کر رہے ہوں تو نہ کسی چیز کے بارے میں سوچیں نا ہی کوئی منصبوہ بندی کریں، بس آرام کریں۔ اس دوران بالکل تازہ دم ہو جائیں تاکہ جب واپس کام کا رُخ کریں تو پوری یکسوئی کے ساتھ اس پر توجہ کر سکیں۔
نئے سال کے منصوبہ بندی میں جو اصول اور ضابطے ممد ومعاون ثابت ہو سکتے ہیں، یہ ان میں سے چند ہیں۔

شیئر: