براڈ شیٹ معاملہ: چیئرمین نیب قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی میں طلب
جمعرات 14 جنوری 2021 20:56
بشیر چوہدری -اردو نیوز، اسلام آباد
پی اے سی نے بھی 19 جنور کو براڈشیٹ کے معاملہ پر نیب سے بھی بریفنگ مانگ لی ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور نے براڈ شیٹ معاملے پر بریفنگ کے لیے چیئرمین نیب کو کمیٹی اجلاس میں طلب کر لیا ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹس کے مطابق 18 جنوری کو کمیٹی کا اجلاس چار بجے ہوگا۔
اجلاس کی صدارت چیئرمین کمیٹی احسان اللہ ٹوانہ کریں گے۔
اجلاس کا چھ نکاتی ایجنڈا جاری کیا گیا ہے جس میں برطانوی عدالت کی جانب سے نیب کی جانب سے براڈ شیٹ کو پینلٹی کی عدم ادائیگی پر برطانیہ میں پاکستان ہائی کمیشن کے اکاؤنٹ سے 450 کروڑ کی کٹوتی کرنے کے معاملے اور اسی طرح برطانوی عدالت کی نظام آف حیدرآباد کیس میں پاکستان کے 35 ملین پاؤنڈ کے دعویٰ پر برطانوی عدالت کے انکار پر بریفنگ بھی شامل ہیں۔
کمیٹی نے سیکرٹری خارجہ، چئیرمین نیب، وزارت خارجہ اور وزارت قانون کے حکام اور ماہرین کو ان امور پر بریفنگ کے لیے طلب کیا ہے۔
کمیٹی نے اس وقت مختلف ممالک اور حکومتوں کے ساتھ معاہدوں، کیسز اور ان میں درپیش معاملات کو ہینڈل کرنے کے لیے اقدامات پر بھی بریفنگ مانگی ہے۔
اس کے علاوہ پارلیمان کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے بھی معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے آڈیٹر جنرل کو براڈ شیٹ معاملہ کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے جبکہ 19 جنور کو براڈشیٹ کے معاملہ پر نیب سے بھی بریفنگ مانگ لی ہے۔
چئیرمین پی اے سی کا کہنا ہے کہ بتایا جائے کہ براڈ شیٹ کی خدمات کیوں اور کب حاصل کی گئیں، کتنی رقم دی گئی۔