Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عمران خان کے مالی معاملات میں کوئی شفافیت نہیں‘

’روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ عمران اس معاملے میں مجرم ہیں۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے پاس اس کیس میں بے گناہی ثابت کرنے کے لیے کوئی ثبوت نہیں ہے۔
سنیچر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف مقدمات کو جلد ازجلد نمٹانے کی کوشش کی گئی لیکن تحریک انصاف کے خلاف فارن فنڈنگ کیس 2014 سے چل رہا ہے تاہم اس کا کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا۔
انہوں نے کہا کہ ’عمران خان نے کوئی رسیدیں دی۔ شفافیت کے ڈھول پیٹنے والے عمران خان کے مالی معاملات میں کوئی شفافیت نہیں۔‘

 

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ’ قوم جاننا چاہتی ہے کہ الیکشن کمیشن تفصیلات دینے سے کیوں گریز کر رہا ہے اور کس کے کہنے پر کترا رہا ہے۔‘
’بدعنوانی، بددیانتی اور کرپشن کی اس واردات کو تحفظ دیا جارہا ہے۔ ‘
نواز شریف نے کہا کہ ’روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ عمران اس معاملے میں مجرم ہیں لیکن اپنا جرم ایجنٹوں پر ڈال رہے ہیں۔‘
اپوزیشن کی طرف سے الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کے حوالے سے ان کہنا تھا کہ ’احتجاج الیکشن کمیشن کے خلاف ہے جس نے بے جا تاخیر کی۔ یہ احتجاج ان کے بھی خلاف ہے جنہوں نے ایک بددیانت اور نااہل شخص کو ملک پر مسلط کرنے کے بعد ان کی چوری کے تحفظ کو اپنا فرض مان لیا ہے۔‘
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی وہ 19 جنوری کو اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے سامنے پی ڈی ایم کے احتجاج میں شریک ہوں۔

شیئر: