وزیر خارجہ سے اماراتی سفیر کی ملاقات
وزیر خارجہ نے مختلف شعبوں میں متحدہ عرب امارات کی معاونت کو سراہا (فوٹو: دفتر خارجہ)
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے پاکستان میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید الزعابی نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون سمیت باہمی دلچسپی كے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے شیخ زائد بن سلطان النیہان کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ 'انھوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کو فروغ دینے اور مستحکم بنانے میں شاندار کردار ادا کیا۔ ‘
’پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔ ان گہرے دو طرفہ تعلقات کی بنیاد یکساں مذہبی، ثقافتی اقدار اور عوامی سطحی روابط پر استوار ہے۔'
انہوں نے کہا کہ ' متحدہ عرب امارات کی قیادت نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ 16 لاکھ کے قریب پاکستانی متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں۔'
وزیر خارجہ نے صحت، تعلیم ، توانائی اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے شعبہ جات میں متحدہ عرب امارات کی معاونت کو سراہا۔
وزیر خارجہ نے دسمبر 2020 میں کیے گئے اپنے دورہ متحدہ عرب امارات اور یو اے ای قیادت سے ہونے والی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’اعلیٰ سطحی دو طرفہ دوروں سے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں معاونت ملے گی۔‘
وزیر خارجہ نے 2021 میں دبئی میں منعقد ہونیوالی ایکسپو میں 3500 مربع میٹر پر مشتمل ’پاکستانی پویلین‘ کے حوالے سے معاونت فراہم کرنے پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
اماراتی سفیر نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے اپنی بھرپور کاوشیں بروئے کار لانے کا عندیہ دیا۔
انھوں نے دونوں ملکوں کے عوام کو قریب لانے میں دبئی میں مقیم پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا۔
اماراتی سفیر نے کہا کہ 'امارات خلیجی ممالک میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ شیخ محمد بن زید النیہان کی سرپرستی میں یو اے ی پاکستان معاونت پروگرام کے تحت تعلیم، صحت، توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبے میں تعاون جاری رکھیں گے۔‘