معذور افراد کی بحالی کی چھٹی بین الاقوامی کانفرنس 2022 میں ہو گی
معذور افراد کی بحالی کی چھٹی بین الاقوامی کانفرنس 2022 میں ہو گی
بدھ 20 جنوری 2021 22:18
کنگ سلمان سنٹر کے زیر اہتمام ہونےوالی کانفرنس میں 26 ممالک نےشرکت کی(فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں معذور افراد کی بحالی سے متعلق چھٹی بین الاقوامی کانفرنس اور کنگ سلمان معذوری ریسرچ ایوارڈ جنوری 2022 میں منعقد کئے جائیں گے۔
عرب نیوز کے مطابق دارالحکومت ریاض میں کنگ سلمان سنٹر فار ڈس ایبلٹی ریسرچ (کے ایس سی ڈی آر) کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی کانفرنس کے بعد ایک پریس کانفرنس میں یہ واضح کیا گیا ہے۔
کانفرنس میں 26 ممالک کے علاوہ مقامی اور نجی شعبے کے دس اداروں نے بھی شرکت کی۔
بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین شہزادہ سلطان بن سلمان نے بتایا کہ مرکز کو شاہ سلمان کی نگہداشت اور توجہ حاصل ہے۔
سعودی عرب کے بادشاہ کی حیثیت سے وہ 30 سال قبل قائم ہونے والے اس مرکز کے بانی بھی ہیں لہٰذا وہ اس مرکز کے مقصد کو بہت زیادہ اہم سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب معذور افراد کی دیکھ بھال ، ان کی پرورش اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے کوشاں ہے اور معذوری میں خصوصی سائنسی تحقیق کی حمایت بھی کرتا ہے ۔
شہزادہ سلطان بن سلمان نے کہا کہ تازہ ترین کانفرنس مختلف ہوگی کیونکہ ہم ایک مختلف دور میں رہتے ہیں۔ ہم مستقبل کی ایک مختلف ٹیکنالوجی کے منتظر ہیں۔
آخری کانفرنس کے بعد گزشتہ چند سالوں میں سائنس پروان چڑھی ہے اور اس نے ترقی کی ہے۔
انہوں نے کنگ سلمان انٹرنیشنل ایوارڈ برائے معذوری ریسرچ کے تیسرے سیشن کے لئے نامزدگیوں کے آغاز کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ سائنسی کمیٹی کو بہت ساری پوسٹیں ملیں گی جو اس بین الاقوامی ایوارڈ کی سطح تک پہنچ جاتی ہیں۔
چھٹی کانفرنس کی سائنسی کمیٹی کی چیئر مین ڈاکٹر علا ابو سکر نے کہا کہ کنگ سلمان سنٹر فار ڈس ایبلٹی ریسرچ کا نعرہ ہے کہ’’سائنس لوگوں کو فائدہ پہنچا رہی ہے‘‘ جو اس کے بانی شاہ سلمان کا پیغام بھی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس نعرے سے امیدیں وابستہ ہوئیں اور ان اعلیٰ اقدار کے اعتراف کے طور پر یہ کانفرنس گزشتہ پانچ بین الاقوامی کانفرنسوں کو مکمل کرنے کے لئے تیار اور منظم کی گئی تھی جو ان سفارشات پر منتج ہوئی تھی جن کی منظوری شاہ سلمان نے دی تھی۔
علا ابو سکر نے کہا کہ چھٹی کانفرنس کا نعرہ "معذور افراد کو بچپن سے لے کر جوانی تک، تحقیق اور اطلاق کے درمیان بااختیار بنانا‘‘ تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس سعودی عرب میں بے مثال تجربہ ہوگی۔ کانفرنس سے پہلے مسلسل تین دن ’’معذوری سے با اختیار بننے‘‘ کے موضوع پر ایک شراکت دار ڈیزائن پروگرام تشکیل دیا جائے گا۔
اس شراکت داری پروگرام میں ہمارا مقصد یہ ہے کہ ہم ان ’’معذور افراد‘‘کے بغیر کچھ بھی تخلیق نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسا پروگرام ہے جس میں ایجادات کے میدان میں معذور افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے۔