کویت نے مسافروں کی تعداد 80 فیصد کم کر دی
مسافروں کی تعداد میں کمی کا فیصلہ تغیر پذیر کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کیا گیا ہے (فوٹو عرب نیوز)
کویت کے حکام نے مسافروں کی تعداد میں 80 فیصد تک کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے ضوابط کے مطابق کویت آنے والوں کی یومیہ تعداد پانچ ہزار کے بجائے ایک ہزار رہ جائے گی۔
کویتی جریدے القبس کے مطابق کویت نے اتوار 24 جنوری 2021 سے نئے ضوابط پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔ چھ فروری تک پابندی جاری رہے گی۔ مسافروں کی تعداد میں کمی کا فیصلہ تغیر پذیر کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔
کویتی وزارت صحت نے منگل کو اعلان کیا تھا کہ برطانیہ سے وطن واپس آنے والی دو خواتین تغیر پذیر کورونا میں مبتلا پائی گئی ہیں۔ یہ وائرس تیزی سے پھیلتا ہے اور خطرناک ہے۔
کویتی حکام نے وطن آنے والے مسافروں کی تعداد میں کمی کے فیصلے سے گھریلو عملے اور ٹرانزٹ کے مسافروں کو استثنیٰ دیا ہے۔ گھریلو عملہ فی الوقت خصوصی پروازوں سے کویت پہنچ رہا ہے۔ گھریلو کارکنان کویت آنے پر قرنطینہ کے حوالے کر دیے جاتے ہیں۔
کویتی حکام کے نئے فیصلے کی وجہ سے 60 ہزار ریزرویشن منسوخ ہوئی ہیں جبکہ کویت کے لیے کرایہ ایک ہزار دینار تک پہنچ گیا یہ 13 ہزار سعودی ریال کے مساوی ہے۔
کویتی حکام نے طے کیا ہے کہ کسی بھی طیارے سے 35 سے زیادہ مسافر نہیں آسکتے۔ یہ پابندی طیارے میں سماجی فاصلہ قائم رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔ یہ بھی طے کیا گیا ہے کہ کویت ایئرپورٹ پہنچنے پر مسافروں کا کورونا ٹیسٹ ہوگا۔ یہ پابندی کویت سے جانے والی پروازوں پر لاگو نہیں کی جا رہی ہے۔
کویت کی خبروں کے لیے ”اردو نیوزکویت“ گروپ جوائن کریں