Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں: کویتی نائب وزیر خارجہ

ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا (فوٹو: وزارت خارجہ)
کویت کے نائب وزیر خارجہ برائے ایشیائی امور علی سلیمان آل سعید نے وفد کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے مطابق بدھ کے روز ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون، خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’پاکستان اور کویت کے درمیان یکساں مذہبی اور ثقافتی اقدار کی بنیاد پر گہرے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔‘
پاکستانی وزیر خارجہ نے کویتی قیادت کی طرف سے جی سی سی کے رکن ممالک کے باہمی تنازعات کے حل کے لیے کی جانے والی سفارتی کاوشوں کو سراہا۔
شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور کویت کے درمیان برادرانہ مراسم کو مزید مستحکم بنانے کے لیے کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔
پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ’پاکستان اور کویت کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، لیبر کے تبادلے اور فوڈ سکیورٹی کے حوالے سے دو طرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان اور کویت کے درمیان روابط کا فروغ، دو طرفہ تعاون کو وسعت دینے میں معاون ثابت ہوگا۔‘
فریقین نے پاکستان اور کویت کے درمیان اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر عالمی فورمز کی سطح پر دو طرفہ تعاون کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے باہمی دلچسپی کے امور پر مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔

 شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’پاکستان اور کویت کے درمیان روابط کا فروغ، دو طرفہ تعاون کو وسعت دینے میں معاون ثابت ہوگا (فوٹو: وزارت خارجہ)

ملاقات میں پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کویتی نائب وزیر خارجہ نے کویتی وزیر خارجہ کی جانب سے مخدوم شاہ محمود قریشی کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’وہ کویتی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔‘
کویتی نائب وزیر خارجہ برائے ایشیائی امور علی سلیمان آل سعید نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’کویت پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور انہیں مزید مستحکم بنانے کا متمنی ہے۔‘
پاکستان میں کویت کے سفیر نصر المطہری بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں