Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا ویکسین کی دوسری خوراک کا شیڈول تبدیل

دوسری خوراک پہلی خوراک کے چھ ہفتے بعد تک لی جاسکتی ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی وزارت صحت نے کورونا ویکسین کی فراہمی میں تاخیر پر نیا شیڈول جاری کیا ہے۔
ریاض، جدہ، مشرقی ریجن اور مدینہ منورہ ویکسین سینٹرز کی جانب سے ویکسین کی دوسری خوراک کی سابقہ تاریخیں تبدیل کی گئی ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت صحت نے بیان میں کہا کہ دوسری خوراک پہلی خوراک کے چھ ہفتے بعد تک لی جاسکتی ہے۔ ماہرین صحت اور ڈاکٹروں نے اس کی تائید کی ہے۔
سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ویکسین کی دوسری خوراک کے اوقات میں تبدیلی بحالت مجبوری کی گئی ہے۔ مشکل یہ ہورہی ہے کہ ویکسین بنانے والی کمپنیاں ویکسین کی فراہمی کے سلسلے میں دی جانے والی تاریخوں میں مسلسل ردوبدل کررہی ہیں۔ 
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ویکسین تیار کرنے والی کمپنی فائزر نے کہا ہے کہ وہ  15 فروری سے باقی ماندہ ویکسین کی فراہمی شروع کردے گی۔ کمپنی کی جانب سے یہ نئی تاریخ دی گئی ہے۔ کمپنی کئی ملکوں کو ویکسین مقررہ وقت پر برآمد نہیں کرسکی ہے۔ 

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین کی قومی مہم جاری رہے گی۔(فوٹو ایس پی اے)

بیان میں وزارت صحت نے مزید کہا کہ اس سے قطع نظر کورونا ویکسین کی قومی مہم جاری رہے گی۔ مملکت کے تمام علاقوں میں ویکسین سینٹر کھولنے کا سلسلہ برقرار رہے گا۔
سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی صحت و سلامتی کے تحفظ اور کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کی کوششیں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔

شیئر: