ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق گورنر مشرقی ریجن شہزادہ سعود بن نایف کی جانب سے کورونا سے بچاو کےلیے تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کےلیے تمام احتیاطی طریقوں کو اختیار کیا جارہا ہے۔
مشرقی ریجن کےادارہ امور صحت کے ڈائریکٹرڈاکٹر ابراہیم العریفی کا کہنا ہے کہ گورنر مشرقی ریجن کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ریجن ادارہ صحت کی جانب سے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کر لی گئی ہیں تاکہ کورونا کے پھیلاو کو حتی الامکان روکا جاسکے۔
اس حوالے سے وزارت صحت کی ڈائریکٹریٹ میں آنے والوں کے لیے اتوار 31 جنوری سے ’توکلنا ‘ ایپ کی پابندی لازمی کردی گئی ہے۔
ڈاکٹر العریفی نے مزید کہا کہ کورونا ایس اوپیز پر ہر ایک کو عمل کرنا چاہئے تاکہ اس وباسے محفوظ رہا جاسکے۔
انہوں نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر اپنے سمارٹ فونز پر’توکلنا ‘ ایپ انسٹال کریں تاکہ ان کی صحت کے بارے میں درست طور پرمعلوم ہو سکے۔
دوسری جانب گورنریٹ سے جاری ہونے والے احکامات پر عمل کرتے ہوئے میئر مشرقی ریجن نے بھی تمام بلدیاتی اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ریجن میں رہنےوالے مقامی اورغیر ملکی اپنے موبائل فونز پر ’توکلنا‘ ایپ انسٹال کریں۔
ایپ کی عدم موجودگی پر کسی بھی شخص کو تجارتی ادارے ، کمرشل پلازہ ، شاپنگ سینٹر وغیرہ میں جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔
بلدیاتی اداروں میں بھی جانے والوں کےلیے لازمی طور پر توکلنا ایپ انسٹال کرنا ہوگی جس سے معلوم ہو سکے گا کہ آنے والا فرد کورونا وائرس کا حامل تو نہیں۔
یاد رہے کہ مدینہ منورہ کے اداروں اور شاپنگ سینٹرز میں داخلے کے لیے بھی توکلنا ایپ کی رجسٹریشن کی پابندی پر گزشتہ ماہ سے عمل کیا جا رہا ہے۔