سب سے زیادہ درجہ حرارت 34 سینٹی گریڈ مکہ میں رہے گا( فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے ہے کہ بدھ 3 فروری کو تبوک ریجن میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ شروعات ساحلی علاقوں سے ہوگی اور رات کے وقت تیز ہوائیں چلیں گی۔
اخبار 24 کے مطابق موسمیات کے قومی مرکز نے امکان ظاہر کیا ہے کہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، حائل اور الجوف میں کئی مقامات پر مطلع ابر آلود رہے گا۔
قومی مرکز نے بتایا کہ بدھ کو سعودی عرب میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 34 سینٹی گریڈ مکہ مکرمہ اور سب سے کم درجہ حرارت 9 سینٹی گریڈ طریف میں ہوگا۔
العربیہ نیٹ اور عاجل کے مطابق بدھ سے سنیچر تک ریاض، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، الشرقیہ، تبوک، القصیم، حائل، حدود شمالیہ اور الجوف میں موسم غیرمستحکم رہنے کا امکان ہے۔ تیز ہوائیں چلیں گی۔ کہیں بوندا باندی اور کہیں درمیانی درجے کی بارش ہوگی۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ باحہ، عسیر اور جازان میں موسلا دھار بارش کے باعث سیلاب کا خطرہ ہے۔
مملکت کے مختلف علاقوں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق منگل کو ریاض، عسیر، حدود شمالیہ اور حائل میں صبح نو بجے سے گرد آلود ہواؤں کا سلسلہ شروع ہوا تھا جس سے حد نظر محدود ہوگئی تھی۔
مدینہ منورہ اور تبوک میں مختلف مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی اطلاعات ہیں۔
محکمہ شہری دفاع نے بھی بدھ سے سنیچر تک سعودی عرب کے کئی علاقوں کے لیے موسمی انتباہ جاری کیا ہے۔
موسمیات کے قومی مرکز سے جاری کردہ اعداد وشمار کے حوالے سے بتایا گیا کہ ریاض، مکہ مکرمہ، مدینہ، ایسرن ریجن، قصیم، تبوک، حائل،الحدود الشمالی اورالجوف میں بارش اور تیزہواوں کا امکان ہے۔
کچھ علاقوں میں موسلا دھار بارش سیلاب کا باعث بن سکتی ہے۔
شہری دفاع نے بیان میں لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سیلاب والے دھاروں سے دور رہیں۔ برسانی نالوں کے پاس نہ جائیں انہیں عبور کرنے کی کوشش نہ کریں۔
مختلف ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا کے ذریعے جاری کی جانے والی ہدایات کی پابندی کریں۔ اس سلسلے میں لاپروائی کا مظاہرہ نہ کریں۔