پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو سات وکٹوں سے ہرا دیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جانے والا آخری میچ بارش کے باعث پہلے روک دیا گیا تاہم بعد میں کھیل ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔
پاکستان نے 58 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے۔ کپتان بابر اعظم اور فواد عالم کریز پر موجود تھے کہ اس دوران بارش کے باعث کھیل روکنا پڑا جو گیلی آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے دوبارہ شروع نہ ہوسکا۔
بابر اعظم نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 77 رنز بنائے ہیں۔ انہوں نے میچ میں 12 چوکے بھی لگائے، جبکہ فواد عالم اب تک 42 رنز سکور کر چکے ہیں۔
اس سے قبل جمعرات کو دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل شروع ہوا تو اوپنر عمران بٹ 15 رنز بنانے کے بعد کیشو مہاراج کی گیند پر کیچ آوٹ ہو گئے، جبکہ اظہر علی کوئی رن بنائے بغیر مہاراج ہی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
عابد علی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور چھ رنز بنا کر اینرچ نورٹجی کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ’وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے۔‘
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سلیکٹرز نے دوسرے ٹیسٹ کے لیے 17 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا اور کراچی ٹیسٹ کے لیے اعلان کردہ سکواڈ کو برقرار رکھا گیا ہے۔
پاکستان کو دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔ کپتان بابر اعظم کے پاس پنڈی ٹیسٹ میچ جیت کر ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار مسلسل دو ٹیسٹ میچوں میں جنوبی افریقہ کو زیر کرنے کا موقع ہوگا۔
کراچی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو سات وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔ پاکستان نے 88 رنز کا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ پاکستانی سپنرز نے میچ جتوانے میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
فواد عالم نے 220 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی تھی۔ یہ ان کی ٹیسٹ کیریئر کی تیسری اور ہوم گراؤنڈ پر پہلی سنچری تھی۔ وہ 109 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تھے۔