Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلال سعید کی خاتون سے ہاتھا پائی ’عورت کی عزت کرنا جانتا ہوں‘

وائرل ہونے والی ویڈیو میں بلال سعید کو ایک خاتون کو ٹھوکر مارتے دیکھا جا سکتا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کے معروف گلوکار بلال سعید کی ایک ویڈیو پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کے درمیان موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔
ویڈیو میں لاہور میں اپنی رہائش گاہ کے باہر بلال سعید ایک مرد اور ایک خاتون کے ساتھ ہاتھا پائی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ اس موقع پر ڈولفن سکواڈ کے اہلکار بھی بیچ بچاؤ کی کوشش کرتے نظر آتے ہیں۔
جمعرات کے روز وائرل ہونے والی ویڈیو میں بلال سعید جس شخص کو تھپڑ مارتے ہیں، ان کو بلال سعید کا بھائی بتایا جا رہا ہے جب کہ اس دوران وہ ایک خاتون کو بھی ٹھوکر مارتے دیکھے جا سکتے ہیں۔
اس ویڈیو کے منظرعام پر آنے کے بعد بہت سے ٹوئٹر صارفین نے پوچھنا شروع کر دیا کہ یہ کیا واقعہ ہے اور کیوں ہوا؟ کئی صارفین نے بلال سعید کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ اس وقت بھی بلال سعید کا نام ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے۔
انمول نامی صارف نے لکھا ’کتنے جاہل ہیں یہ لوگ، اس کے الفاظ سنو، لگتا ہے کہ یہ پڑھا لکھا ہے؟‘
جیری میر نامی صارف نے کچھ یوں تبصرہ کیا ’ابھی تک ہمیں نہیں پتا وہاں کیا ہوا مگر مجھے یقین ہے کہ کوئی بلاوجہ اس حد تک نہیں جاتا، ہم لوگ صرف ایک رخ دیکھ کر فیصلہ کر لیتے ہیں۔


ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بلال سعید نے لکھا ’میں جانتا ہوں عورت کی عزت کیسے کرتے ہیں۔ میں یہ بھی جانتا ہوں کہ عورت کی حفاظت کیسے کرتے ہیں۔ میں نے خاتون پر ہاتھ صرف اپنی فیملی کو بچانے کے لیے اٹھایا۔ یہ لوگ ایک طویل عرصے سے مجھے بلیک میل کر رہے ہیں۔ بطور آرٹسٹ میری ترجیحات الگ ہیں اور یہ اس بات کا فائدہ اٹھاتے رہے۔‘
اس کے ساتھ ہی بلال سعید نے ایک ویڈیو بھی جاری کی جس میں گھر کا کچھ سامان بکھرا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ دس جنوری کو تھانہ سندر کی حدود میں پیش آیا جبکہ گلوکار بلال سعید نے اپنے بھائی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست بھی دی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فریقین کے درمیان راضی نامہ پر مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔

شیئر: