کورونا کے باعث پانچ علاقوں میں مزید آٹھ مساجد عارضی طور پر بند
بند کی جانے والی مساجد کی تعداد 70 تک پہنچ گئی ہے (فوٹو: سبق)
سعودی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے پانچ علاقوں میں کووڈ 19 کے نو مریض نمازی ریکارڈ پر آنے کے بعد آٹھ مساجد عارضی طور پر بند کی گئی ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت اسلامی امور نے پیر کو بیان میں کہا کہ کہ نئے اضافے کے بعد گذشتہ آٹھ روز کے دوران بند کی جانے والی مساجد کی تعداد 70 تک پہنچ گئی ہے۔
وزارت اسلامی امور کا کہنا ہے کہ سینیٹائزنگ اور تمام تدابیر مکمل کرنے پر 57 مساجد بحال کی گئی ہیں جو مساجد کھولی گئی ہیں ان میں نمازیوں کی صحت و سلامتی کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔
وزارت اسلامی امور کا کنہا ہے کہ مملکت کے تمام علاقوں میں مساجد کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
’تمام نمازیوں، آئمہ اور منتظمین کو ایک بار پھر تاکید کی جاتی ہے کہ کورونا ایس او پیز کی سختی سے پابندی کریں۔ حفاظتی تدابیر پر عمل سب کے مفاد میں ہے۔ مساجد میں آنے والے ماسک کے استعمال میں لاپروائی نہ برتیں اور سماجی فاصلے کی پابندی برقرار رکھیں۔‘