کورونا کے باعث بند کی جانے والی 52 مساجد کھول دی گئیں
اتوار 14 فروری 2021 18:29
کورونا کیسز کے بعد مزید پانچ مساجد عارضی طور پر بند کی گئی ہیں۔( فوٹو اخبار 24)
سعودی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں کورونا کے کیسز کی وجہ سے بند کی جانے والی مساجد میں سے 52 کھول دی گئی ہیں جبکہ تین علاقوں میں کورونا کے نئے کیسز ریکارڈ پر آنے کے بعد پانچ مساجد عارضی طور پر بند کی گئی ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت نے گزشتہ سات روز کے دوران 62 مساجد بند کیں جبکہ سینیٹائزنگ کی کارروائی مکمل کرکے 52 مساجد دوبارہ کھول دی ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت اسلامی امور نے اتوار کو جو پانچ مساجد بند کی ہیں ان میں سے تین کا تعلق مدینہ منورہ ریجن، ایک تبوک ریجن کی کمشنری الوجہ اور ایک کا الشرقیہ ریجن کی الخبر کمشنری سے ہے۔ ان تمام مقامات پر کورونا کا ایک، ایک مریض نمازیوں میں ریکارڈ پر آیا ہے۔
وزارت اسلامی امور نے نمازیوں سے اپیل کی کہ اگر ان میں سے کوئی اپنے اندر کورونا وائرس کی علامات محسوس کرے تو دیگر افراد کو نقصان سے بچانے کے لیے مسجد نہ جائے۔
مسجد جاتے وقت تمام حفاظتی تدابیر کی پابندی کی جائے مثلا ماسک کے بغیر مسجد کا رخ نہ کیا جائے۔ جا نماز ساتھ لے جائے اور مسجد میں سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے۔