Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کون سے علاقے شدید سردی کی نئی لہر سے متاثر ہوں گے

  منگل کو تبوک، الجوف اور حدود شمالیہ ریجن میں تیز ہوائیں چلیں گی(فوٹو سبق)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے منگل کو سعودی عرب کے موسم سے متعلق پیشگوئی جاری کی ہے۔
اخبار  24 کے مطابق قومی مرکز کا کہنا ہے کہ  منگل کو تبوک، الجوف اور حدود شمالیہ ریجنوں میں تیز ہوائیں چلیں گی اور گرج چمک کے ساتھ درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں اور بارش کا سلسلہ مدینہ منورہ اور حائل ریجنوں کے متعدد مقامات تک پھیل جائے گا۔ ریاض، قصیم اور مشرقی ریجن میں متعدد مقامات پر تیز ہوائیں چلیں گی۔ 
منگل کو سعودی عرب میں سب سے زیادہ  درجہ حرارت  35 سینٹی گریڈ مکہ مکرمہ اور سب سے کم درجہ حرارت  8 سینٹی گریڈ طریف میں ہوگا 
ادھرموسمیات کے سعودی ماہرین نے توقع ظاہر کی ہے کہ شمالی سعودی عرب کے اللوز پہاڑ کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے چلا جائے گا۔ 
ایک اور ماہر موسمیات معاذ الاحمدی نے بتایا کہ سعودی عرب کے بیشتر علاقوں کا موسم غیر مستحکم رہے گا۔ تیز ہوائیں چلیں گی اور بارش کا امکان ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شدید سردی کا موسم  منگل کو شمالی ریجن اور حدود شمالیہ سے تدریجی طور پر شروع ہوگا۔
القریات، رفحا، عرعر، تبوک خصوصا جنوب مغربی علاقے، ساحلی مقامات ضبا، الوجہ اور املج سے شدید سردی کی لہر کا آغاز ہوگا۔
مغربی العلا، خیبر، حائل، القصیم، مدینہ منورہ، خصوصا مدینے کے جنوبی و مغربی علاقے اور ساحلی مقامات لہر سے متاثر ہوں گے۔ ینبع اس کی بستیاں الریس اور مکہ مکرمہ ریجن میں طائف، رابغ، جدہ، اللیث اور القنفذہ بھی سردی کی نئی لہر کی لپیٹ میں ہوں گے۔ 
انہوں نے کہا کہ شدید سردی کا موسم جمعرات اور جمعہ کو رہے گا۔ وسطی علاقہ سعودی عرب کے مشرقی اور شمال مشرقی علاقےِ، دارالحکومت ریاض، الدوادمی، عفیف، الخرج، المجمعہ، حفر الباطنِ، دمام، الجبیل اور الھفوف بارش کی پلپیٹ میں ہوں گے۔ بڑے علاقے میں گرد آلود ہوائیں بھی چلیں گی۔ 

شیئر: