سردی میں اضافے کا امکان، یخ بستہ ہوائیں چلیں گی
سب سے کم درجہ حرارت طریف میں ہو گا (فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اتوار 6 فروری کو مملکت کے بیشترعلاقوں میں سردی میں اضا فے کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر یخ بستہ ہوائیں بھی چلیں گی۔
ویب نیوز ’عاجل‘ نے قومی مرکز برائے موسمیات کے حوالے سے کہا ہے کہ مملکت کے شمال ، وسطی اور مشرقی علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی ہونے کا قوی امکان ہے جس کی بنیادی وجہ ہفتے کی شب بیشتر شہروں میں ہونے والی بارش ہے جس کے سبب درجہ حرارت میں کمی ہو گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ شمالی اور مشرقی علاقوں میں رات کے آخری پہر سے صبح سویرے تک دھند چھائی رہے گی جس سے حد نگاہ بھی متاثر ہوسکتی ہے۔
بحیرہ احمر میں ہوا شمال مشرقی سمت سے شمال مغری سمت میں چلے گی جس کی رفتار 15 سے 40 کلو میٹرفی گھنٹہ ہو گی جس کی وجہ سے موجیں ایک سے ڈیڑھ میٹر تک بلند ہو گی۔
خلیج عربی میں ہوا کی رفتار 15 سے 38 کلو میٹرفی گھنٹہ ہو گی جبکہ موجیں ایک سے ڈیڑھ میٹرتک بلند ہونے کا امکان ہے۔
متوقع درجہ حرارت کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 اور کم سے کم 16 جبکہ مدینہ منورہ میں 20 اور 11 ریاض میں 19 اور11 جبکہ جدہ میں 25 سے 18 ڈگری سینٹی گریڈ ہوگا۔
سب سے کم درجہ حرارت طریف میں ہو گا جہاں پارہ 4 ڈگری تک پہنچ جائے گا ۔ سکاکا میں زیادہ سے درجہ حرارت 15 اور کم سے کم 5 ڈگری تک ہو گا۔