کراچی ضمنی انتخاب، پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ گرفتار
الیکشن کمیشن نے حلیم عادل شیخ کو حلقے سے باہر جانے کا حکم دیا تھا (فوٹو: حلیم عادل شیخ فیس بک)
کراچی کے صوبائی اسمبلی کے حلقے پی ایس 88 ملیر میں میں ضمنی انتخابات کے دوران الیکشن کمیشن کے حکم پر تحریک انصاف کے رکن اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق ’حلیم عادل شیخ کو باضابطہ طور پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ’حلیم عادل شیخ کو پہلے سے قائم دو مقدمات میں گرفتار کیا گیا ہے۔‘
اس سے قبل ملیر پولیس کے ڈیوٹی افسر سلطان محمود نے بتایا تھا کہ ’ریجنل الیکشن کمشنر نے جوڈیشل مجسٹریٹ کا اختیار استعمال کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ کو حلقے سے باہر نکالنے کے لیے حراست میں لیا ہے۔‘
دوسری جانب الیکشن کمیشن کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حلیم عادل شیخ کو حلقہ بدر کرنے کے لیے خط بھی لکھا گیا۔
پولیس کے مطابق ’حلیم عادل شیخ مسلح گارڈز کے ساتھ حلقے میں ریلی کی قیادت کر رہے تھے جس پر انہیں حراست میں لیا گیا۔‘