خمیس مشیط کو نشانہ بنانے کی حوثی کوشش ناکام
’سعودی فضائیہ نے آج بدھ کو علی الصباح حوثیوں کا بارودی ڈرون فضا میں ناکارہ کردیا ہے‘ ( فائل فوٹو: العربیہ)
اتحادی افواج نے سعودی عرب کے جنوبی شہر خمیس مشیط کو نشانہ بنانے کی حوثی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی فضائیہ نے آج بدھ کو علی الصباح حوثیوں کا بارودی ڈرون فضا میں ناکارہ کر دیا ہے۔
اتحادی افواج نے کہا ہے کہ ’حوثیوں کی جانب سے منظم اور دانستہ طور پر سرکاری تنصیبات، نجی املاک اور شہری آبادی کو نشانے کی کوشش کرنا جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے‘۔
’ شہریوں کی حفاظت کے لیے بین الاقوامی قانون کے مطابق عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں‘۔
یاد رہے کہ عرب اتحاد ی افواج نے منگل کے روز بھی حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب میں ابہا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کی سمت بھیجے گئے ایک بارودی ڈرون کو تباہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اتحادی افواج نے کہا ہے کہ ’حوثیوں کی جانب سے شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوششیں درحقیقت صنعاء میں موجود ایرانی پاسداران انقلاب کے لیڈروں کی منصوبہ بندی ہے‘۔