حوثیوں کی مدد کرنے والے بھی حملوں کے ذمہ دار ہیں: او آئی سی
یہ حملے شہریوں اور سول تنصیبات پر کیے جارہے ہیں۔(فوٹو سبق)
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے سعودی عرب کے ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثی دہشتگردوں کے ایک اور بارودی ڈرون حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے منگل کو بیان میں کہا کہ ’حوثیوں کا نیا حملہ گھناؤنا اقدام ہے‘۔
یاد رہے کہ عرب اتحاد برائے یمن نے بارودی ڈرون کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی گرا کر تباہ کردیا تھا۔
العثیمین نے مزید کہا کہ’ اسلامی تعاون تنظیم حوثی دہشتگردوں کی ان مجرمانہ سرگرمیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ یہ حملے شہریوں اور سول تنصیبات پر کیے جارہے ہیں‘۔
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ’ان حملوں کے ذمہ دار حوثیوں کے علاوہ وہ عناصر بھی ہیں جو انہیں دولت اور ہتھیار سپلائی کررہے ہیں۔ وہ ان حملوں کے مکمل ذمہ دار ہیں‘۔
العثیمین نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’سعودی عرب خطے اور عالمی امن کے لیے اس سنگین دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے جو اقدامات کرے گا او آئی سی کو اپنے ساتھ کھڑا پائے گا‘۔