Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایسٹرازینیکا ویکسین کی 28 لاکھ خوراکیں دو مارچ کو پاکستان پہنچیں گی‘

ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ’رجسٹریشن کے لیے شناختی کارڈ نمبر 1166 پر بھیجا جائے‘ (فوٹو: ڈاکٹر فیصل ٹوئٹر)
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ’دو مارچ کو برطانیہ کی ویکسین ایسٹرازینیکا کی 28 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ رہی ہیں، جس کے بعد ملک میں ویکسینیشن کا دوسرا مرحلہ شروع ہو جائے گا۔‘
جمعرات کو این سی او سی اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ایسٹرازینیکا برطانیہ سمیت 34 ممالک میں استعمال ہو رہی ہے اور پوری طرح موثر دوا ہے۔‘
انہوں نے جاری مرحلے کے حوالے سے بتایا کہ ’اس وقت فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگانے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ 15 فروری سے 65 سال سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن بھی شروع کی گئی ہے۔‘
ڈاکٹر فیصل سلطان نے رجسٹریشن کا طریقہ کار بتاتے ہوئے کہا کہ ’ہیلتھ ورکرز اور 65 سال سے زائد عمر کے افراد اپنا شناختی کارڈ نمبر 1166 پر بغیر کسی سپیس یا ڈیش کے لکھ کر بھیجیں اور جوابی ایس ایم ایس کے ذریعے کسی بھی قریبی صحت مرکز میں جا کر ویکیسن کی خوراک لگوائیں۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’ویکیسن کے حوالے سے تمام تفصیلات این سی او سی اور محکمہ صحت کی  ویب سائٹس پر بھی موجود ہیں۔‘
’اس وقت پاکستان میں چین کی ویکسین سائنوفارم طبی عملے کو لگائی جا رہی ہے اور یہ کہا گیا تھا کہ یہ 65 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے نہیں ہے تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ اس میں بڑی عمر کے افراد کے حوالے سے کوئی مسئلہ ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ٹرائل کے بعد نتیجے اور تجزیے کے لیے خاص تعداد کی ضرورت ہوتی ہے لیکن ہمارے ہاں 65 سال سے زائد عمر کے افراد کی وہ تعداد پوری نہیں ہوئی تھی۔‘
ڈاکٹر فیصل سلطان نے اعداد و شمار بتاتے ہوئے کہا کہ ’اس وقت تک 52 ہزار ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔‘
ان کے بقول ’پاکستان ان 65 ممالک میں شامل ہے جہاں ویکسینیشن کا سلسلہ جاری ہے‘
معاون خصوصی برائے صحت کے مطابق ’اب شعبہ صحت سے وابستہ عمومی ورکرز کو ویکسین لگانے کا سلسلہ بھی شروع کیا جا رہا ہے جس کے لیے رجسٹریشن کا طریقہ وہی ہے جو پہلے بتایا گیا ہے۔‘
ڈاکٹر فیصل سلطان نے مزید بتایا کہ ’اگلے مرحلے میں 65 سال سے کم اور سات سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکیسن لگانے کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔‘

شیئر: