پاکستان عرب ممالک کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کا خواہاں
پاکستان عرب ممالک کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کا خواہاں
جمعہ 19 فروری 2021 17:54
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے ( فوٹو: وام)
عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابوالغیط نے قاہرہ میں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے۔
دونوں رہنماوں نے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔
یاد رہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مصر کا دو روزہ دورہ کیا ہے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مصر کا دورہ کیا ہے (فوٹو: وام)
امارات کی خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نے اس موقع پر پاکستان اور عرب ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بنیاد وسیع مشترکہ مفادات، ثقافتی، مذہبی اور عوامی رشتوں پر مبنی ہے۔
عرب لیگ کے جنرل سیکریٹریٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ نے ملاقات میں اس بات پر زور دیا کہ پاکستان عرب ممالک کے ساتھ اپنے تعاون و تعلقات کے فریم ورک کو دوطرفہ مفاد کے کئی شعبوں میں مزید مستحکم بنانا چاہتا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل کے ساتھ ملاقات پر مکمل اطیمنان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان اور عرب لیگ اور اس کے تمام رکن ممالک کے درمیان مضبوط تعلق کا اظہار ہے۔
انہوں نے ٹویٹر پر بیان میں یہ بھی کہا کہ اس ملاقات میں تعلقات اور تعاون کے موجود فریم ورک کو نئی جدت و تخلیق کے ساتھ نئی راہ دینے پر غور ہوا تاکہ تعاون کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔