جامع مسجد کے بڑے ہال میں تین گنبدوں میں فانوس ہیں- (فوٹو: الامارات الیوم)
متحدہ عرب امارات کی شیخ زاید جامع مسجد میں دنیا کے 7 منفرد اور بڑے فانوس نصب ہیں۔ یہاں آنے والے سیاح انہیں دیکھ کر اسلامی آرٹ کی داد دیے بنا نہیں رہ سکتے۔
الامارات الیوم کے مطابق امارات میں جامع الشیخ زاید الکبیر کے نام سے دنیا کی عظیم اور حسین ترین بڑی جامع مسجد اسلامی فن تعمیر کا شاہکار ہے۔ 45 افراد پر مشتمل ٹیم شیخ زاید جامع مسجد کے فانوسوں کی صفائی، تزئین اور مرمت کے انتظامات کرتی ہے۔
جامع مسجد انتظامیہ کے ماتحت امدادی خدمات کے ادارے کے انچارج سالم السویدی نے بتایا کہ 45 روز تک روزانہ بارہ گھنٹے فانوسوں کی صفائی کی جاتی رہی ہے۔
السویدی نے بتایا کہ شیخ زاید جامع مسجد کے فانوسوں کی تجدید کا کام جدید ترین عالمی معیار کے مطابق انجام دیا گیا ہے اور یہ فانوس امارات کا اعزاز ہیں۔
شیخ زاید جامع مسجد کے جمالیاتی عناصر مربوط سائنٹیفک سسٹم کے تحت ترتیب دیے گئے ہیں۔
فانوسوں اور قالینوں کے ڈیزائن میں ہم آہنگی کا اہتمام کیا گیا ہے۔ فانوس کے ٹکڑے دیکھنے میں رنگین قطروں جیسے لگتے ہیں۔ زائر کو محسوس ہوتا ہے کہ یہ کسی بھی وقت قالین پر گر جائیں گے جبکہ قالین، فانوس کے رنگوں کو منعکس کرنے والے حوض کا تاثر دیتا ہے۔
جامع مسجد کے بڑے ہال میں تین گنبد ہیں۔ ان میں دیو ہیکل تین فانوس لگے ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں ان سے چھوٹے سائز کے چار فانوس وی آئی پی ہال الذھور ہال اور بڑے ہال کے پہلو میں واقع ہالوں میں لگائے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ شیخ زاید جامع مسجد وزارت ایوان صدارت کے ماتحت ہے۔
بڑے فانوس کا وزن 12 ٹن کے لگ بھگ ہے۔ اس کا قطر 10 میٹر ہے- اونچائی 15.5 میٹر ہے جبکہ بڑے ہال میں اس سے چھوٹے حجم کے دو فانوسوں میں ہر ایک کا وزن 8 ٹن ہے اونچائی 12.5 میٹر ہے اور قطر 7 میٹر ہے۔ ان میں 9 ہزار 500 بلب لگے ہوئے ہیں۔