مکہ اور مدینہ منورہ میں گرد وغبار اور تیز ہوائیں
گردوغبار کی وجہ سے شاہراہوں پر حد نگاہ متاثر ہونے کا امکان ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعے کو مملکت کے مختلف علاقوں میں موسم گرد آلود رہنے اور تیزہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
ویب نیوز ’سبق‘نے محکمہ موسمیات کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ اور مشرقی ریجن میں تیز ہوا کے ساتھ گرد وغبار بھی چھایا رہے گا۔
مشرقی ریجن کے شہر الاحسا، دمام اور بقیق میں شام 5 بجے تک تیز ہواوں کے ساتھ گرد و غبار کی وجہ سے شاہراہوں پرحد نگاہ بھی متاثر ہوگی۔
جبکہ مکہ مکرمہ ریجن کی علاقے طائف، رنیہ ، تربہ ، المویہ ، الجموم الکامل ، خلیص اوررابغ میں بھی شام تک گرد وغبار چھائے رہنے کا امکان ہے۔
مدینہ منورہ ریجن کے شہر الحناکیہ ، مدینہ منورہ اور المھد میں بھی سطحی ہوا اور گردوغبار کا سلسلہ شام تک جاری رہنے کی توقع ہے۔
اس حوالے سے شہری دفاع کا کہنا ہے کہ شاہراہوں پرسفر کرنے والے گردوغبار سے بچنے کےلیے خصوصی اہتمام کریں۔ بعض علاقوں میں غبار کی شدت سے حد نگاہ متاثرہونے کے باعث ڈرائیوروں کو کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
شاہراہوں کے وہ مقامات جہاں گردوغبار زیادہ ہووہاں ڈرائیوروں کو چاہئے کہ حد رفتار کم رکھیں تاکہ کسی قسم کی مشکل صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
متاثرہ شہروں میں رہنے والوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سانس کے مرض میں مبتلا افراد کو چاہئے کہ وہ بلااشد ضرورت گھروں سے نہ نکلیں اوراگرباہر جانا انتہائی ضروری ہوتو خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔