عمان میں دکانیں اور ریستوران رات 8 سے صبح 5 بجے تک بند
عمل درآمد جمعرات 4 مارچ سے سنیچر 20 مارچ تک ہوگا۔( فوٹو گلف نیوز)
سلطنت عمان نے پورے ملک میں تمام دکانیں، ریستوران اورتجارتی سرگرمیاں رات 8 سے صبح 5 بجے تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فیصلے پرعمل درآمد جمعرات 4 مارچ سے سنیچر 20 مارچ کی صبح تک ہوگا۔
عمانی خبررساں ادارے کے مطابق بندش کا فیصلہ ریستورانوں، قہوہ خانوں، ہوم ڈلیوری سروس پر بھی ہوگا۔ پابندی سے پٹرول سٹیشن، ہسپتال، ہیلتھ سینٹرز اور نجی فارمیسیاں مستثنی ہوں گی۔
سلطنت عمان نے دوسرا فیصلہ یہ کیا ہے کہ اتوار 7 مارچ سے جمعرات گیارہ مارچ تک تمام سرکاری سکولوں میں تعلیم آن لائن ہوگی۔
عمانی حکومت کا کہنا ہے کہ اس دوران ملک میں کورونا وبا کی صورتحال کا گہرائی سے جائزہ لیا جائے گا۔ آئندہ کے لیے فیصلے نئی صورتحال کو مدنظر رکھ کر کیے جائیں گے۔
بیان کے مطابق ان دنوں ملکی و بین الاقوامی سطح پر کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور موجودہ مرحلہ نازک ہے۔
بیان میں حکومت نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ انتہائی محتاط رہیں۔ فیملی کے تمام افراد وائرس سے بچاؤ کے لیے مقرر حفاظتی تدابیر کی سختی سے پابندی کریں۔ تقریبات اور اجتماعات منعقد نہ کریں۔
پوری دنیا میں یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ میل جول سے کورونا وائرس بڑے پیمانے پر پھیل رہا ہے۔