دبئی میں رمضان خیموں کے تمام اجازت نامے منسوخ
لوگ سماجی فاصلے کی پابندی کی خلاف ورزی کرسکتے ہیں۔(فوٹو عرب نیوز)
دبئی میں کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے جاری حفاظتی اقدامات کے باعث رمضان خیموں کے تمام اجازت نامے منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
عرب نیوز اور امارات الیوم کے مطابق اسلامی امور اور خیراتی سرگرمیوں سے متعلق محکمے نے منگل کو جاری ایک بیان میں کہا کہ’ رمضان خیموں کے اجازت ناموں کی منسوخی کا مطلب یہ ہے کہ مساجد ، گھروں یا کسی بھی عوامی مقامات کے باہر خیمے لگانے کی اجازت نہیں ہوگی‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’اس اقدام کا مقصد بڑے اجتماعات کو روکنا ہے جہاں لوگ کورونا کی وبا کے دوران سماجی فاصلے کی پابندی کی خلاف ورزی کرسکتے ہیں‘۔
متحدہ عرب امارات میں رمضان میں عام طور پر افطار کے وقت کھانا پیش کرنے اور لوگوں کی بڑی تعداد کو راغب کرنے کے لیے خیمے لگائے جاتے ہیں۔
یاد رہے کہ دبئی میں ایسی ہی پابندی پچھلے سال رمضان میں بھی لگائی گئی تھی۔اس سال رمضان کا آغاز تیرہ اپریل کو متوقع ہے۔
واضح ر ہے کہ متحدہ عرب امارت میں حکام کورونا وائرس کا پھیلاو روکنے کے لیے قومی مہم چلائے ہوئے ہیں۔