Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی میں’کورونا ٹیسٹ‘ سرٹیفکیٹ فروخت ہونے لگے، ٹریول ایجنسی سیل

سوشل میڈیا ایپ ’واٹس اپ‘ پر تشہیر کی جارہی تھی(فوٹو ٹوئٹر)
دبئی میں غیر قانونی طور پر’کورونا ٹیسٹ‘ سرٹیفکیٹ فروخت کرنے کے الزام میں ٹریول اینڈ ٹورازم کے ریجنل ایجنٹ کے دفتر کو سیل کیا گیا ہے۔
امارات الیوم کے مطابق دبئی میں تجارتی امور اور صارفین کے تحفظ کے ادارے کو شکایت ملی تھی کہ ایک سفر و سیاحت کی ایجنسی کی جانب سے لوگوں سے فیس لے کر کورونا ٹیسٹ سرٹیفیکٹ فراہم کیے جارہے ہیں۔ 
ایجنسی کی جانب سے سوشل میڈیا ایپ ’واٹس اپ‘ پر سرٹیفیکٹ فراہم کرنے کی بھی تشہیر کی جارہی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ کورونا ٹیسٹ کی سہولت گھر بیٹھے حاصل کریں۔
ایجنسی کی جانب سے آن لائن ادائیگی کی شرط بھی رکھی گئی تھی۔ ٹیسٹ کےلیے پیشگی وقت حاصل کرنے کے بعد آن لائن فیس ادا کرنا ہوتی تھی۔ 
 شکایت موصول ہونے پرتجارتی امور و حقوق صارفین کے ادارے کی جانب سے فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹریول ایجنسی کو سیل کردیا گیا۔
ادارے کا کہنا تھا کہ کووڈ 19 ٹیسٹ کےلیے ہرتجارتی ادارے کو لائسنس جاری نہیں کیا گیا۔ اس کا اختیار صرف امور صحت سے متعلق اداروں کو ہی ہے۔  

شیئر: