ویکسین لگوانے کے بعد سفر کی اجازت ہوگی، وزارت داخلہ سے سوال
فی الوقت صرف مستثنی زمروں میں شامل افراد کو سفر کی اجازت ہے(فوٹو سبق)
سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان طلال الشلھوب نے کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے والوں کے لیے بیرون مملکت سفر کی اجازت سے متعلق اہم سوال کا جواب دیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق ترجمان سے اتوار کو نئے کورونا وائرس (کووڈ 19) سے متعلق بریفنگ کے دوران پوچھا گیا تھا کہ کیا کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے والوں کو سعودی عرب سے سفر کی اجازت ہوگی؟۔
الشلھوب نے جواب میں کہا کہ’ فی الوقت صرف مستثنی زمروں میں شامل افراد (سفارتکاروں اور دیگر) کو سفر کی اجازت ہے۔ نئی صورتحال میں اس حوالے سے متعلقہ ادارے جو بھی نیا فیصلہ کریں گے۔ رائے عامہ کو پہلی فرصت میں آگاہ کیا جائے گا‘۔
ترجمان وزارت داخلہ نے کہا کہ ’حالیہ ایام کے دوران کورونا سے بچاؤ کے لیے مقرر تدابیر میں سب سے زیادہ خلاف ورزی حفاظتی ماسک نہ پہننے اور حد سے زیادہ افراد کے اجتماع کی صورت میں سامنے آرہی ہے‘۔
انہوں نے لوگوں کو ہدایت کی کہ ’وہ گزشتہ دنوں کورونا وبا کے خلاف حاصل ہونے والے نتائج کی حفاظت کرتے رہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ’ یہ بات بھی مدنظر رکھیں کہ متعلقہ ادارے ایس او پیز پر عمل درآمد کرانےکے لیے اپنی مہم جاری رکھیں گے۔ اس حوالے سے نہ تو غفلت برتی جائے گی اور نہ ہی چشم پوشی سے کام لیا جائے گا‘۔