Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریستوران کے پلے ایریا پر پابندی برقرار رہے گی

حکام کی جانب سے شیشہ کیفے پر پابندی کے حوالے سے کوئی بیان نہیں جاری کیا گیا (فوٹو عاجل)
سعودی وزارت بلدیاتی امور و ہاؤسنگ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ریستوران کے پلے ایریا پر پابندی تا حکم ثانی برقرار رہے گی۔ پابندی سے استثنی ان ہوٹلوں اور بچوں کے تفریحی پارکوں کو دیا گیا ہے جن کا بنیادی شعبہ یہی ہے۔ 
وزارت کی جانب سے شیشہ کیفے پر عائد پابندی کے حوالے سے ابھی کوئی بیان نہیں جاری کیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے نے وزارت بلدیاتی امور کی جانب سے مزید بتایا کہ ہوٹلوں یا گیمز سینٹرز کو دیا جانے والا استثنی ان کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات پر دیا گیا ہے۔
ہوٹل یا تفریحی پارک کے رقبے کو دیکھ کر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ وہاں آنے والوں کے درمیان سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ممکن ہوگا۔ 
بیان میں مزید کہا گیا کہ اتوار سات مارچ سے ہوٹلوں میں ٹیبل سروس کی سہولت فراہم کرنے کی اجازت احتیاطی تدابیر پر مکمل طورپر عمل کرنے کی شرط پر دی گئی ہے۔ 
 اس حوالے سے ان ہی ضوابط پر عمل کرنا لازمی ہو گا جو دیگر کے لیے مقرر ہے جن میں سماجی فاصلے کے اصول کو سختی سے مدنظر رکھا جائے۔
علاوہ ازیں پلے لینڈز میں جھولوں اور کھیل کے مقامات کو مستقل بنیاد پرسینیٹائز کیا جائے۔ ساتھ ہی اس امر کا بھی خیال رکھا جائے کہ ہوٹلوں یا پلے لینڈز میں ازدحام نہ ہونے پائے۔ 
یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی وزارت داخلہ نے بیان میں کہا تھا کہ اتوار7 مارچ سے کورونا ایس او پیز کے تحت لگائی گئی کئی پابندیوں میں توسیع نہیں کی جائے گی۔
 اتوار سے ریستورانوں او قہوہ خانو ں میں ٹیبل سروس بحال کی جا رہی ہے جبکہ سنیما، جم اور سپورٹس سینٹرز بھی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
شادی گھروں یا ہوٹلوں کے ماتحت تقریبات ہال، استراحات اور اس مقصد کے لیے لگائے جانے والے خیمموں میں بھی کوئی پروگرام نہیں ہوگا۔

 

شیئر: