Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جون میں پی ایس ایل: ’کورونا سے مریں نہ مریں، گرمی سے ضرور مریں گے‘

ابتدائی 14 میچز کے بعد پی ایس ایل ٹورنامنٹ کورونا وائرس کے باعث ملتوی کر دیا گیا تھا (فوٹو: پی سی بی)
وبائی صورتحال اور متعدد کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹوں کے نتائج پازیٹو آنے کے بعد ملتوی کی گئی پی ایس ایل سکس کے بقیہ میچز جون 2021 میں کرانے کا اعلان ہوا تو کرکٹ شائقین کو موسم کی فکر ستانے لگی۔
جمعرات کی سہ پہر کیے گئے اعلان میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ سیزن سکس کے رہ جانے والے میچز رواں برس جون میں کراچی میں منعقد کیے جائیں گے۔

پی سی بی کی جانب سے باقاعدہ اعلان کیے جانے سے قبل ہی پاکستان میں سوشل میڈیا اور سپورٹس حلقوں میں ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع گردش کرنا شروع ہو چکی تھی کہ پی ایس ایل سکس کے باقی رہ جانے والے 20 میچز جون کے مہینے میں کراچی میں منعقد کیے جائیں گے۔
اس دوران شائقین کرکٹ جہاں ابتدائی 14 مقابلوں کے بعد ملتوی ہو جانے والے پی ایس ایل کی بحالی کا سن کر پرجوش دکھائی دیے وہیں کچھ ایسے بھی تھے جو جون کے مہینے میں کراچی کے گرم موسم سے پیدا ہونے والی مشکلات کا ذکر کرنا نہ بھولے۔

ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے لیے موسم کی صورتحال سے متعلق ڈیٹا فراہم کرنے والی عالمی سروس ’ایکو ویدر‘ کے مطابق جون 2021 میں کراچی کا درجہ حرارت 35 ڈگری یا اس سے زائد رہنے کی توقع ہے۔
موسم کی سختی کی وجہ سے پی ایس ایل میچز سے لطف اندوز نہ ہو سکنے کے خدشے کا شکار صارفین کو تسلی دینے کے لیے کچھ دوسرے ٹویپس نے شام کے بعد موسم کے ممکنہ طور پر قابل برداشت ہو جانے کا ذکر کیا، تاہم پھر بھی خاصی تعداد ایسے صارفین کی رہی جو کراچی یا لاہور کے بجائے کسی اور شہر کو بقیہ میچز کی میزبانی دیے جانے کے حق میں دکھائی دیے۔

ساجد نامی صارف جون میں ٹی ٹوئنٹی کے ایک اور ٹورنامنٹ کی وجہ سے انگلش پلیئرز کی دستیابی کے متعلق تشویش کا شکار ہوئے تو اپنے سوال کے ایک حصے میں یہ بھی پوچھا کہ براڈکاسٹرز کا کیا بنے گا؟

ڈی پی پر انڈین جھنڈا لگائے ’کرکٹ کرانیکل‘ نامی ہینڈل نے پی ایس ایل کے التوا کا باعث بننے والے معاملات کا ذکر کرتے ہوئے خواہش ظاہر کی کہ اس مرتبہ ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

پاکستانی شائقین کرکٹ نے انڈین کرکٹ فین کی اس تجویز کو سراہا تو کھیل کو محفوظ رکھنے کے لیے کرائی گئی یاددہانی پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
گفتگو میں شریک کچھ افراد موسمی صورتحال کے ساتھ انتظامی خرابیوں سے نالاں رہے تو واضح تھا کہ پی ایس ایل ملتوی ہونے کا باعث بننے والی وجوہات اور اس کے ممکنہ ذنہ دار عناصر سے متعلق کرکٹ شائقین کا غصہ ابھی تک برقرار ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جمعرات 11 مارچ کو کیے گئے اعلان میں کہا گیا ہے کہ پی ایس ایل سکس کے رہ جانے والے میچز جون 2021 میں کراچی میں منعقد کیے جائیں گے۔
واٹس ایپ پر  خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: