Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل سکس: پاکستانی کیا سرچ کر رہے ہیں؟

کراچی کنگز کی ٹیم اس مرتبہ اپنے اعزاز کا دفاع کر رہی ہے (فوٹو: کراچی کنگز)
پاکستان سپر لیگ سیزن سکس کا اعلان ہوا تو ابتدا میں بغیر تماشائیوں اور پھر محدود تماشائیوں کو گراؤنڈ میں آنے کی اجازت دی گئی، ایسے میں بہت سے کرکٹ شائقین میدان میں میچ دیکھنے سے محروم ہوئے تو متبادل تلاش کرتے دکھائی دیے۔
کرکٹ شائقین کی جانب سے متبادل تلاش کرنے کی یہ خواہش جب سرچ انجنز کی دنیا تک پہنچی تو پاکستانی انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے کرکٹ سے متعلق سرچز میں کئی گنا اضافہ ہوا۔
پی ایس ایل سکس کو دیکھنے کے خواہشمندوں نے 20 فروری کو سیزن سکس کی افتتاحی تقریب سے قبل بھی اپنے پسندیدہ موضوع کی تلاش جاری رکھی تھی، لیکن 20 فروری کو سرچ ٹرینڈز میں ’پی ایس ایل‘ کی اصطلاح پہلے سے کہیں زیادہ توجہ کی مستحق ٹھہری تو یہ سلسلہ اب تک جاری ہے۔
کرکٹ شائقین نے کرکٹ میلہ براہ راست دیکھنا چاہا تو ’پی ایس ایل لائیو‘ سے لے کر ’پی ایس ایل کا شیڈول‘، ’پی ایس ایل میچز کا سکور‘، ’پی ایس ایل پوائنٹس ٹیبل‘ اور ’آج کون سا میچ‘ جیسی معلومات سب سے زیادہ تلاش کی گئیں۔
پی ایس ایل سکس سے متعلق ٹاپ ٹین سرچز میں جہاں آن لائن سٹریمنگ سروسز کی تلاش شامل رہی وہیں میچز نشر کرنے والے ٹی وی چینلز کو بھی تسلسل سے سرچ کیا جاتا رہا۔
پاکستان سپر لیگ کھیلنے والے کھلاڑیوں میں سے پاکستانی کرکٹر شرجیل خان، انگلش کرکٹر ٹام کوہلر کیڈمور، ویسٹ انڈین کرس گیل اور ایلکس ہیلز کو یہ اعزاز ملا کہ وہ دس سب سے زیادہ سرچ کیے گئے 18 موضوعات میں شامل رہے۔ ابتدائی میچز کا میزبان گراؤنڈ نیشنل سٹیڈیم کراچی بھی خصوصی توجہ کا مستحق ٹھہرا۔
پاکستان میں انٹرنیٹ پر زیادہ وقت گزارنے کا ذکر ہو یا انٹرنیٹ صارفین کی تعداد کی بات ہو تو عموما شمالی پنجاب اور ملک کے دونوں بڑے شہر کراچی، لاہور سب سے آگے رہتے ہیں۔ تاہم پی ایس ایل میں زیادہ دلچسپی لینے والے علاقوں کی فہرست میں قبائلی اضلاع سب سے اوپر رہے۔ ماضی میں وفاق کے زیرانتظام یہ علاقے اگر چہ اب خیبرپختونخوا کا حصہ ہے تاہم پی ایس ایل سرچز کے ڈیٹا میں اسے الگ ہی گنا گیا ہے۔
کرکٹ میں زیادہ دلچسپی لینے والے صوبوں میں خیبرپختونخوا سب سے آگے رہا، جہاں سے تعلق رکھنے والے افراد نے پی ایس ایل کو سب سے زیادہ سرچ کیا۔ گلگلت بلتستان، پاکستان کے زیرانتظام کشمیر اور سندھ سے تعلق رکھنے والے انٹرنیٹ صارفین بالترتیب تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر رہے۔
پاکستانیوں کی جانب سے کی گئی سرچز سے متعلق ڈیٹا بتاتا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی حدود میں مقیم افراد نے پاکستان سپر لیگ میں اب تک سب سے کم دلچسپی لی ہے جب کہ بلوچستان اور پنجاب کے شائقین ’پی ایس ایل‘ سرچ کرنے والوں میں ساتویں اور چھٹے نمبر پر رہے۔

شیئر: