Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہمارے پی ایس ایل کو کس نے نظر لگا دی؟‘

پی ایس ایل کے ابتدائی میچز کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کا چھٹا سیزن ملتوی کرنے کا اعلان کیا تو چند گھنٹوں بعد ہونے والے سیزن کے پندرہویں میچ کا انتظار کرتے شائقین کی پریشانی اور تشویش نے سوشل ٹائم لائنز کو بھی افسردہ کر دیا۔
سوشل میڈیا، باالخصوص ٹوئٹر پر پی ایس ایل ملتوی ہونے کی خبریں دیکھنے، پڑھنے اور سننے والوں نے پی ایس ایل کے خاتمے کو اچھا نہ جانا تو کئی ایسے بھی تھے جو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں یا ٹیموں کو مزید ایکشن میں نہ دیکھ سکنے کی وجہ سے مایوس دکھائی دیے۔
کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل فرنچائزز بھی کرکٹ شائقین کی تنقید سے نہ بچ سکے۔ ٹورنامنٹ کے خاتمے سے متعلق گفتگو کرنے والوں نے احتیاطی تدابیر کے باوجود کورونا کیسز رپورٹ ہونے اور ان میں مسلسل اضافے کو بنیاد بنا کر سوال کیا کہ اگر انتظامات تھے تو ایسا کیوں ہوا اور کوئی ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں اور ان کی انتظامیہ کے رویے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں اس صورتحال کا ذمہ دار ٹھہراتا رہا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے وبائی صورتحال پر قابو پانے کے لیے قائم کیا گیا بائیو سیکیور ببل اور اس کے موثر نہ ہونے پر اعتراضات کہیں لفظوں اور کہیں میمز کی صورت سامنے آتے رہے۔
پاکستانی کرکٹر محمد حفیظ نے ٹورنامنٹ کے التوا کو بری خبر کہا تو تلقین کی کہ خود کو محفوظ رکھیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان اور کھلاڑی حسن علی نے پی ایس ایل کو نظر لگنے کا شکوہ کیا تو اسے ٹویٹ کی صورت دوسروں تک بھی پہنچایا۔

ابتدائی سیزنز میں خاطرخواہ کارکردگی دکھانے سے محروم رہنے والی لاہور قلندرز کی ٹیم پی ایس ایل فائیو کی فائنلسٹ رہی، سیزن سکس میں قلندرز نے پوائنٹس ٹیبل پر بہتر پوزیشن حاصل کیے رکھی تھی۔ ٹورنامنٹ ملتوی ہوا تو لاہور قلندرز کے فینز کا ممکنہ تاثر بھی گفتگو کا حصہ بنا۔

پی ایس ایل سکس کے ملتوی ہونے کی خبر اور اس کے اثرات پر بات شروع ہوئی تو بیشتر صارفین نے اسے ’’دل توڑنے والی‘ خبر قرار دیا۔

ٹورنامنٹ ملتوی ہونے کی خبر کے بعد افسردگی کا رنگ گہرا ہوا تو اسے کم کرنے کے خواہاں کچھ صارفین یہ سوال پوچھتے پائے گئے کہ ’بعد میں منعقد ہو گا یا نہیں‘۔

پی ایس ایل کا گزشتہ سیزن بھی کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے متاثر ہوا تھا تاہم پی سی بی کے حفاظتی انتظامات کی وجہ سے شائقین کرکٹ کو توقع تھی کہ سیزن سکس خیریت سے گزر جائے گا۔ چند روز قبل پی ایس ایل میں شریک کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تو یہ تشویش پیدا ہوئی تھی کہ یہ معاملہ کہیں ٹورنامنٹ کو متاثر نہ کر دے۔
شائقین کرکٹ کی یہ تشویش جمعرات کی دوپہر اس وقت سچ ثابت ہوئی جب پی سی بی نے ٹورنامنٹ ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ ٹیموں کے مالکان کے ساتھ ہونے والی میٹنگ کے بعد ٹورنامنٹ کو فوری طور پر ملتوی کر دیا گیا ہے۔

شیئر: