Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 ایکسپو دبئی میں پاکستانی پویلین کی تعمیر مکمل

پویلین سول ورکس مکمل ہونے کے بعد پاکستانی حکام کے حوالے کیا گیا ہے۔(فوٹو وام)
 ایکسپو 2020 دبئی سائٹ میں پاکستان کا پویلین سول ورکس مکمل ہونے کے بعد پاکستانی حکام کے حوالے کیا گیا ہے۔
امارات کے خبر رساں ادارے وام کے مطابق  پویلین 35,000 مربع فٹ پر محیط ہے۔ پویلین کا اندرونی سفر ’پاکستان، چھپا ہوا خزانہ‘ کے عنوان کے تحت طے کیا گیا ہے جس کا مقصد پاکستان میں سیاحت، تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
پولین کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد، سیکریٹری وزارت تجارت محمد صالح احمد فاروقی، امارات میں پاکستان کے سفیر افضال محمود اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
ایکسپو 2020 سائٹ 4.38 مربع کلومیٹر کے رقبے میں قائم ہے۔ چھ ماہ تک جاری رہنے والی ایکسپو کے دوران دنیا بھر سے 200 سے زائد پویلین اور لاکھوں سیاحوں کی شرکت متوقع ہے۔
 وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے اس موقع  پر کہا ہے کہ قدرت نے پاکستان کو قدرتی خوبصورتی، تاریخی اور مذہبی مقامات، بلند ترین چوٹیوں اور پر سکون صحرا سے نوازا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کوہ پیماؤں، مورخین، آثار قدیمہ کے ماہرین، فوٹوگرافروں اور سیاحوں کی منزل ہے۔
مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ ایکسپو 2020 دبئی میں اپنے تھیم کے ذریعے ہم ملک میں سیاحت، تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے مواقع کی سرزمین پیش کرنے اور ان کی نمائش کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ایکسپو کے دوران 200 سے زائد پویلین اور لاکھوں سیاحوں کی شرکت متوقع ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)

اس موقع پر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ایکسپو کے دوران چھ ماہ کے پروگرام کی بھی منصوبہ بندی کررہی ہے جن میں تجارتی اور سرمایہ کاری سیمینار، کانفرنسیں، ثقافتی شوز اور تقریبات وغیرہ شامل ہیں۔
پاکستان نے متحدہ عرب امارات کی قیادت، حکومت اور ایکسپو 2020 کے حکام کا پویلین کے تعمیراتی مرحلے میں تعاون اور سپورٹ پر شکریہ ادا کیا ہے۔
یاد رہے کہ ایکسپو 2020 پچھلے سال اکتوبر میں ہونا تھا تاہم کورونا وائرس کے باعث اب یہ یکم اکتوبر 2021 سے شروع ہوکر 31 مارچ 2022 میں ختم ہوگا۔

شیئر: