پی آئی اے کی پرواز آسمانی بجلی کی زد میں، بال بال بچی
جمعرات 18 مارچ 2021 23:04
توصیف رضی ملک -اردو نیوز- کراچی
کراچی سے لاہور جانے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی پرواز پی کے 306 دوران پرواز آسمانی بجلی کی زد میں آئی البتہ جہاز کے کپتان نے طیارے کو بحفاظت لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کروایا۔
پی آئے ترجمان کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق طیارہ نواب شاہ کے قریب آسمانی بجلی کی زد میں آیا جس کے بعد کپتان طیارے کو آسمانی بجلی سے بچاتے ہوئے مزید بلندی پر لے گئے۔
لاہور ایئرپورٹ پر طیارے کی بحفاظت لینڈنگ کے بعد انجینئرز نے جہاز کا معائنہ کیا۔ پائلٹ کو محسوس ہوا تھا کہ طیارے کے دائیں جانب بجلی گری ہے- قومی ایئرلائن کے ترجمان نے بتایا کہ انسپکشن کے دوران طیارے پر کہیں بھی بجلی گرنے کے آثار نظر نہیں آئے۔
قومی ایئرلائن کی پرواز پی کی 306 شام 7.30 بجے کراچی سے لاہور کے لیئے روانہ ہوئی تھی اور 8.45 پر لاہور لینڈ کیا۔ پرواز میں استعمال ہونے والے طیارے کا رجسٹریشن کوڈ AP-BLS ہے، اور یہ ایئر بس کا ٹوئن انجن ایئرکرافٹ ہے جس کا ماڈل A320-214 ہے۔ کراچی سے لاہور کی اڑان بھرنے کے پہلے یہ طیارہ فیصل آباد سے پرواز پی کے 341 کے تحت کراچی پہنچا تھا۔
لاہور ایئرپورٹ پر انجینئرز کی جانب سے مزکورہ طیارے کو کلیئر کرنے کے بعد پرواز پی کے307 لاہور کے تحت کراچی کے لیے روانہ کردیا گیا جس نے 11.45 بجے کراچی میں بحفاظت لینڈ کیا۔
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں