بوئنگ طیارے کے انجن میں آتش زدگی: ’پی آئی اے کے تمام طیارے نہایت محفوظ ہیں‘
پاکستان کی سرکاری فضائی کمپنی کے 29 طیاروں میں سے12 بوئنگ 777 ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ میں یونائیٹڈ ایئرلائنز کے جہاز کے انجن میں آگ لگنے کے بعد جہاز بنانے والی کمپنی بوئنگ نے اپنے 777 ماڈل والے 128 جہاز دنیا بھر میں گراؤنڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے کے تمام بوئنگ 777 جنرل الیکٹرک انجن کے حامل ہیں جو کہ نہایت محفوظ تصور کیے جاتے ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق جہاز بنانے والی کمپنی نے بوئنگ 777 کے تمام پریٹ اینڈ وٹنی انجن والے طیاروں کو گراؤنڈ کرنے کی ہدایات کی ہیں جبکہ پی آئی اے کے پاس بوئنگ 777 کے جنرل الیکٹرک انجن والے طیارے موجود ہیں۔
ترجمان کے مطابق ’جنرل الیکٹرک انجن والے 777 نہایت محفوظ تصور کیے جاتے ہیں اور پوری دنیا میں تقریباً ایک ہزارکی تعداد میں استعمال ہورہے ہیں۔‘
پاکستان کی سرکاری فضائی کمپنی پی آئی اے میں 29 طیارے شامل ہیں جن میں 12 بوئنگ 777، 11 ایئر بس اے 320، جبکہ چھ اے ٹی آر شامل ہیں۔
پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں شامل طیاروں میں سے تین بوئنگ 777، تین اے ٹی آر جب کہ تمام ایئر بس لیز پر حاصل کیے گئے ہیں۔
ایئر بس اور دو بوئنگ 777 کی لیز رواں سال جون 2021 میں ختم ہو رہی ہے۔ پی آئی اے کی جانب سے چھ جولائی 2021 سے 8 نئے طیاروں کے ٹینڈر جاری کیے گئے ہیں۔