Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں شاہ فیصل بن عبدالعزیز سے منسوب مشہور مقامات

 سعودی عرب کے مرحوم فرمانروا شاہ فیصل بن عبدالعزیز کے نام سے کئی مشہور مقامات پاکستان میں موجود ہیں (فوٹو: وکی پیڈیا)
پاکستانی عوام آج 25 مارچ کو  سعودی عرب کے مرحوم فرمانروا شاہ فیصل بن عبدالعزیز کی وفات کے 46 برسوں بعد بھی انہیں بے انتہا چاہتے ہیں۔ اور ان کا ذکر احترام اور محبت کے جذبات سے کرتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ شاہ فیصل کے نام پر پاکستان میں شہر آباد کیے گیے اور سڑکوں، گلیوں اور چوراہوں کو ان سے منسوب کیا گیا۔ ان میں سے چند مشہور ترین مقامات یہ ہیں۔
شاہ فیصل مسجد، اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع فیصل مسجد اپنے جداگانہ طرز تعمیر اور وسیع گنجائش کی وجہ سے ہر خاص و عام کے لیے ایک معروف مقام ہے۔
مارگلہ کی پہاڑیوں کے دامن میں واقع شاہ فیصل مسجد کی تعمیر 1986 میں مکمل ہوئی۔ یہ مسجد دنیا کی بڑی مساجد میں شمار کی جاتی ہے۔
شاہ فیصل بن عبدالعزیز آل سعود کے بعد بننے والے سعودی فرمانروا شاہ خالد بن عبدالعزیز نے آل سعود کی جانب سے 1976 میں آل سعود کی جانب سے اس مسجد کا سنگ بنیاد رکھا، اور سعودی حکومت نے اس کے لیے موجودہ کرنسی ویلیو کے مطابق 120 ملین ڈالر کی امداد مہیا کی۔

مارگلہ کی پہاڑیوں کے دامن میں واقع شاہ فیصل مسجد کی تعمیر 1986 میں مکمل ہوئی (فوٹو:اردو نیوز)

فیصل مسجد کا ڈیزائن صحرائی خیمے کا سا ہے۔ اس کے انتخاب کے لیے بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرایا گیا جس کے بعد ترک نقشہ نویس کا پیش کردہ ڈیزائن منظور کیا گیا تھا۔
33 ایکڑ پر مشتمل فیصل مسجد اب اسلام آباد کی پہچان ہے اور اس کا سب سے اہم لینڈ مارک تصور کی جاتی ہے۔
اپنے قیام کے وقت گنجائش کے اعتبار سے یہ دنیا کی سب سے بڑی مسجد شمار کی جاتی تھی۔
شاہ فیصل مسجد میں نصب کتبے کے مطابق 1986 میں تعمیر مکمل ہونے کے بعد مسجد میں پہلی نماز 18 جون 1988 کو ادا کی گئی۔
فیصل ایونیو اسلام آباد، شاہراہ فیصل کراچی
 اسلام آباد میں فیصل مسجد کی جانب جانے والی شاہراہ کو سعودی فرمانروا شاہ فیصل سے موسوم کیا گیا ہے۔ یہ پاکستان میں اکلوتی سڑک نہیں بلکہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کی مرکزی شاہراہوں میں سے ایک، شاہراہ فیصل بھی سعودی فرمانروا سے موسوم ہے۔
ماضی میں ڈرگ روڈ کہلانے والی اس شاہراہ پر کراچی کے کئی معروف ہوٹلز، سرکاری و نجی دفاتر، عسکری اور سویلین مقامات موجود ہیں۔

 اسلام آباد میں فیصل مسجد کی جانب جانے والی شاہراہ کو سعودی فرمانروا شاہ فیصل سے موسوم کیا گیا ہے (فوٹو: اسلام آباد بیوٹی آف پاکستان فیس بک)

سندھ گورنر ہاؤس کے قریب واقع ہوٹل میٹروپول سے شروع ہو کر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور سٹار گیٹ تک 18 کلومیٹر طویل سڑک کے اختتام پر نیشنل ہائی وے میں ضم ہو جاتی ہے۔
فیصل آباد
 ماضی میں لائل پور کہلانے والے پاکستان کے تیسرے گنجان آباد شہر کو سعودی فرمانروا شاہ فیصل بن عبدالعزیز کا نام سے موسوم کیا گیا ہے۔ پاکستان سے خصوصی تعلق اور یہاں متعدد منصوبوں کی منظوری دینے والے سعودی فرمانروا کی یاد میں اس شہر کو فیصل آباد (فیصل کا شہر) کہا گیا۔
برصغیر پر برطانوی قبضے کے دوران منصوبہ بندی سے بسائے گئے ابتدائی شہروں میں شمار کیے جانے والے فیصل آباد کا نام یکم ستمبر 1977 کو تبدیل کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ فیصل آباد کا پرانا نام ’لائل پور‘ پنجاب کے ایک سابق برطانوی گورنر ’چارلس جیمز لائل‘ کے نام پر رکھا گیا تھا۔ جس کو بعد ازاں شاہ فیصل کے نام پر فیصل آباد کر دیا گیا تھا۔

فیصل آباد کا پورا نام لائل پور تھا (فوٹو: اے ایف پی)

 شاہ فیصل کالونی اور شاہ فیصل ٹاؤن کراچی
کراچی کی شارع فیصل پر واقع رہائشی کالونی بھی سابق سعودی فرمانروا سے وابستہ ہے۔ شاہ فیصل کالونی نامی آبادی کے نام پر بلدیاتی انتظام کے تحت اردرگرد کے علاقے کو ملا کر ایک ٹاؤن کی شکل دی گئی تو اسے شاہ فیصل ٹاؤن کہا جاتا رہا ہے۔ ساڑھے تین لاکھ سے زائد آبادی کا یہ ٹاؤن اور شاہ فیصل کالونی کراچی میں سابق سعودی فرمانروا سے منسوب متعدد مقامات میں سے ایک ہے۔
شاہ فیصل بیس، کراچی
آر اے ایف ڈرگ روڈ کے طور پر قائم کردہ پاکستان ایئر فورس کی جنوبی کمانڈ کے صدر دفاتر اور پی اے ایف وار کالج رکھنے والے فیصل بیس کو 1975 میں سعودی فرمانروا سے موسوم کیا گیا۔
اس کے علاوہ پاکستان کے تقریبا تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بھی سینکڑوں کالونیاں، محلے، سڑکیں، چوراہے اور دیگر مقامات شاہ فیصل مرحوم سے منسوب ہیں۔

شیئر:

متعلقہ خبریں