Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اپوزیشن میں اختلافات، مودی کا خط اور سفری پابندیوں سمیت پاکستان سے بڑی خبریں

پاکستان میں گذشتہ چند روز میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی دو بڑی جماعتوں مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی کے درمیان اختلافات کی خبریں نمایاں رہیں تو دوسری جانب کورونا کے کیسز میں اضافے کے بعد مخصوص علاقوں میں تعلیمی اداروں کو11 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ 
وزیراعظم عمران خان کورونا کا شکار ہونے کے بعد حکام کے مطابق اپنا معمول کا دفتری کام کر رہے ہیں۔ انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے پہلے وزیراعظم عمران خان کے لیے نیک خواہشات تمناؤں کا اظہار کیا تھا اور اس کے تین دن بعد یوم پاکستان پر انھیں مبارکباد دیتے ہوئے خوشگوار تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا۔ انڈین رہنما کی جانب سے ان پیغامات کو ماہرین دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری کی جانب اشارہ قرار دے رہے ہیں۔ 
پی پی اور ن لیگ کے درمیان برف پگھلنا شروع، لیکن لڑائی کا ذمہ دار کون تھا؟

پوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے 16 مارچ کے اجلاس کے بعد اتحاد کی دو بڑی جماعتوں پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے درمیان اختلافات نہ صرف کھل کر سامنے آئے بلکہ دونوں جماعتوں کے قائدین کے درمیان لفظی جنگ بھی چھڑ گئی۔
 تاہم اب مریم نواز کی نیب میں پیشی کے موقع پر پیپلز پارٹی کی جانب سے ریلی میں شرکت کے اعلان نے دونوں جماعتوں میں ایک بار پھر دوریاں کم کر دی ہیں۔
اپوزیشن کی بڑی جماعتوں کے اختلافات نے نہ صرف پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کو ملتوی کروا دیا بلکہ حکومت مخالف تحریک بھی تقریباً دم توڑ گئی۔ تاہم اب تک یہ واضح نہیں ہوا کہ آخر اس جھگڑے میں پہل کہاں سے ہوئی اور کس جماعت کا قصور زیادہ تھا۔
مزید تفصیل کے لیے یہاں کلک کریں
’نوازشریف کی پاسپورٹ تجدید کی درخواست پر کوئی کارروائی نہ کی جائے‘

وزارت داخلہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے پاسپورٹ تجدید کرنے کی درخواست پر کارروائی نہ کرنے سے متعلق وزارت خارجہ کو خط لکھ دیا ہے۔ 
اردو نیوز کو دستیاب خط کی کاپی کے مطابق وزارت داخلہ نے بدھ کو اپنے خط میں کہا ہے کہ ’نوازشریف عدالتوں سے سزا یافتہ اور مفرور قرار دیے جا چکے ہیں جبکہ وہ حکام کو یہ مطمئن کرنے میں ناکام رہے ہیں کہ ان کے پاسپورٹ کی تجدید کیوں کی جائے۔‘
مزید تفصیل کے لیے یہاں کلک کریں
وزیراعظم مودی کی یوم پاکستان پر مبارکباد اور خوشگوار تعلقات کی خواہش

انڈیا اور بنگلہ دیش کی جانب سے پاکستان کو یوم پاکستان کی مبارک باد دی گئی ہے۔
منگل کو پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ انڈین اور بنگلہ دیشی وزرائے اعظم نے پاکستانی ہم منصب کو تہنیتی پیغامات بھیجے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کے نام اپنے پیغام میں انڈین وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے لکھا گیا ہے کہ ’یوم پاکستان کے موقع پر میں نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔‘
مزید تفصیل کے لیے یہاں کلک کریں
صادق سنجرانی کی کامیابی کے خلاف گیلانی کی درخواست مسترد

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سینیٹ کے چیئرمین کے الیکشن کے خلاف پیپلز پارٹی کی درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے اسے ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دیا۔
بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے 13 صفحات پر مشتمل اپنے فیصلے میں کہا کہ ’چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کے خلاف درخواست قابل سماعت نہیں ہے۔‘
مزید تفصیل کے لیے یہاں کلک کریں
’بغاوت پر اکسانے کا الزام‘ ن لیگ کے میاں جاوید لطیف کے خلاف مقدمہ

ریاست کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے الزام میں مسلم  لیگ ن کے رہنما میاں جاوید لطیف کے خلاف لاہور میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
لاہور کے رہائشی جمیل سلیم کی درخواست پر ٹاؤن شپ کے تھانے میں رپورٹ درج کرلی گئی ہے۔
ایف آئی آر میں میاں جاوید لطیف کے ٹی انٹرویو کا حوالہ دیا گیا ہے اور لکھا گیا ہے کہ’جاوید لطیف نے حکومت اور ملک کی سالمیت کے ساتھ ساتھ ریاستی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کی۔‘
مزید تفصیل کے لیے یہاں کلک کریں
پاکستان کی پروازوں کے لیے نئے ایس او پیز، چند ممالک سے آنے والی پروازوں پر پابندی

پاکستان نے کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت کے بعد بین الاقوامی پروازوں کے لیے نئے ایس او پیز جاری کر دی ہیں جس کے مطابق کیٹگری سی میں شامل ممالک سے آنے والی پروازوں پر پابندی رہے گی۔
پاکستان سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری نئے ایس او پیز کے مطابق سی کیٹگری میں شامل 12 ممالک سے آنے والی پروازوں کے داخلے پر پابندی ہوگی۔
مزید تفصیل کے لیے یہاں کلک کریں
قرنطینہ میں’خان صاحب اپنا معمول کا دفتری کام کر رہے ہیں‘

کورونا وائرس کا شکار پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی صحت بہتر ہیں۔ 
پیر کو شہباز گل نے عمران خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’خان صاحب کی آج کی تصویر۔ خان صاحب آج اپنا معمول کا دفتری کام کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے عمران خان کی صحت کے حوالے سے کہا کہ ’اللہ کا شکر ہے آپکی دعاؤں سے وہ آرام سے ہیں۔ آپ سب کی دعاؤں اور نیک تمناؤں کا شکریہ۔‘
مزید تفصیل کے لیے یہاں کلک کریں
براڈشیٹ انکوائری رپورٹ: چار اعلیٰ عہدیدار ادائیگی کے ذمہ دار قرار

پاکستان کی سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس ریٹائرڈ شیخ عظمت سعید پر مشتمل ایک رکنی کمیشن نے ’جعلی‘ براڈ شیٹ کمپنی کو رقم دیے جانے کے معاملے کی انکوائری مکمل کر کے رپورٹ حکومت کو بھجوا دی ہے۔ 
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے شیخ عظمت سعید نے بتایا کہ ’کمیشن اب ختم ہو چکا ہے میں رپورٹ حکومت کو دے دی ہے اس کے مندرجات حکومت خود ہی سامنے لائے گی۔‘
مزید تفصیل کے لیے یہاں کلک کریں
مخصوص اضلاع میں تعلیمی ادارے گیارہ اپریل تک بند رکھنے کا اعلان

پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی صورتحال پر نظر رکھنے اور اس حوالے سے اقدامات کی منظوری دینے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے مخصوص اضلاع میں تعلیمی ادارے گیارہ اپریل تک بند رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
بدھ کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بتایا کہ جن شہروں میں کورونا کا پھیلاؤ زیادہ ہے وہاں تعلیمی ادارے گیارہ اپریل تک بند رکھے جائیں گے۔ نویں تا بارہویں کے امتحانات شیڈول کے مطابق مئی کے آخر میں ہوں گے۔
مزید تفصیل کے لیے یہاں کلک کریں
موٹروے ریپ کیس: دونوں ملزمان کو سزائے موت سنا دی گئی

لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سنیچر کو موٹروے گینگ ریپ کیس کے دونوں ملزمان کو سزائے موت سنا دی ہے۔ 
عدالت نے جرم ثابت ہونے پر دونوں ملزمان عابد ملہی اور شفقت بگا کو ایک ایک بار سزائے موت اور ایک ایک بار عمر قید کی سزا سنا دی۔
عدالت نے دونوں ملزمان کو دفعہ 365 اے میں عمر قید کی سزا سنا دی ہے ۔ دونوں ملزمان کو دفعہ  392 میں  14٫14سال قید کی سزا سنائی گئی ہے جب کہ دونوں کو دفعہ 440 کے تحت پانچ پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
مزید تفصیل کے لیے یہاں کلک کریں
پاکستان کا یمن بحران کے خاتمے کے لیے سعودی فارمولے کا خیرمقدم

پاکستان نے یمن کے بحران کے حل کے لیے سعودی امن فارمولے کا خیرمقدم کیا ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے پیر کی رات کو جاری بیان کے مطابق پاکستان سعودی وزیر خارجہ کی جانب سے پیش کیے جانے والے امن فارمولے کا خیرمقدم کرتا ہے جو کہ  جنگ بندی سمیت یمن کے بحران کے خاتمے کے لیے ایک  مفصل روڈ میپ پیش کرتا ہے۔
مزید تفصیل کے لیے یہاں کلک کریں
پی آئی اے کا 17 سال بعد سوات کے لیے سیاحتی پروازوں کا آغاز 

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے 17 سال بعد سوات کے سیدو شریف ایئر پورٹ کے لیے 26 مارچ سے پروازوں کا اعلان کر دیا ہے۔  
پی آئی اے کے مطابق ’پی آئی اے کی سیدو شریف سوات والی پروازیں 26 مارچ سے ہی شروع کی جائیں گی ابتدائی تحفظات کو دور کرکے اب پہلی پرواز جمعہ کی صبح لاہور براستہ اسلام آباد روانہ ہوگی۔‘  
مزید تفصیل کے لیے یہاں کلک کریں

شیئر: