Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض بلدیہ نے تین شعبوں کےلیے لازمی ویکسینیشن ہدایات جاری کردیں

ویکسین نہ لگوانے والے ہفتہ وار ’پی سی آر‘ ٹیسٹ کرائیں گے(فوٹو، ٹوئٹر)
ریاض ریجن کی میونسپل کارپوریشن نے ریسٹورانٹس، باربرشاپس اور بیوٹی پالرز میں کام کرنے والوں کےلیے لازمی کورونا ویکسین کا شیڈول جاری کردیا ہے۔
مذکورہ شعبوں کے ملازمین کے لیے یکم شوال تک کی مہلت دی گئی ہے بعدازاں ویکسین نہ لگانے والے کارکنوں کو ہفتہ وار بنیاد پر نیگیٹو پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔
ویب نیوز اخبار 24 کے مطابق ہفتہ وار پی سی آر ٹیسٹ کے جملہ اخراجات مذکورہ شعبوں کے مالکان کو اداکرنا ہوں گے جس کے بعد ہی ان کے کارکن مذکورہ بالا شعبوں میں خدمات انجام دے سکیں گے۔
ریاض ریجن کی بلدیہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ تینوں شعبوں میں ریسٹورانٹس اور غذائی اشیا سے متعلق دکانوں کی تعداد 29 ہزار 210 ہے جبکہ مردانہ باربرشاپس 9 ہزار 548 اور لیڈیز بیوٹی پالرز 1571 ہیں ۔
بلدیہ کا کہنا ہے کہ تینوں شعبوں کے مالکان کے پاس دوآپشن ہیں یا تو وہ مقررہ مدت کے اندر کورونا سے محفوظ رہنے کے لیے اپنے کارکنوں کو ویکسین لگوائیں یا دوسرے آپشن کو استعمال کرتے ہوئے تمام کارکنوں کا ہفتہ وار کورونا ٹیسٹ ’پی سی آر‘ کروائیں جس کے اخراجات ادارے کو ادا کرنا ہونگے۔
واضح رہے وزارت صحت کی ایپ ’صحتی‘ کے ذریعے کورونا ویکسین لگوانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ جس شخص کو ویکسین لگادی جاتی ہے اس کی ’توکلنا‘ ایپ پر ’محفوظ‘ کا لوگو ظاہر ہوتا ہے تاکہ معلوم ہو سکے کہ مذکورہ شخص کورونا سے محفوظ ہوگیا۔
قبل ازیں وزارت صحت کی جانب سے اسپورٹس کلب ، سیاحتی ہوٹلز  اور ٹرانسپورٹ کے شعبے سے منسلک کارکنوں کے لیے کورونا ویکسین کی شرط عائد کی جاچکی ہے۔

شیئر: