Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہولی ہے‘ بالی وڈ فنکاروں نے رنگوں کا تہوار کیسے منایا؟

کئی فنکار ہولی کی پرانی تصاویر تو کچھ گھروں میں ہولی کے جشن کی تصاویر شیئر کرتے نظر آئے (فوٹو: پرینکا چوپڑا انسٹاگرام)
انڈیا میں رنگوں کا تہوار ہولی ہمیشہ ہی بھرپور طریقے سے منایا جاتا ہے لیکن اس بار وبا کی وجہ سے ہولی کے رنگ پھیکے پڑ گئے ہیں۔ بالی وڈ فنکاروں نے اپنے مداحوں کو ہولی کی مبارکباد دینے کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لیا تو کئی سیلیبریٹیز ہولی کی پرانی تصاویر تو کچھ گھروں میں ہولی کے جشن کی تصاویر شیئر کرتی نظر آئیں۔
بالی وڈ کے بگ بی یعنی امیتابھ بچن نے اپنی فیملی کے ساتھ ہولی کی ایک پرانی بلیک اینڈ وائٹ تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنی فلم کے مشہور گانے کے بول لکھے کہ ’رنگ برسے بھیگے چُنر والی رنگ برسے، ہولی ہے۔‘

بالی وڈ کی ’بیبو‘ کرینہ کپور خان نے اپنی فلم ’گبر از بیک‘ کے گانے ’تیری میری کہانی‘ کی ویڈیو شیئر کی جس میں رنگ پھینکتی نظر آ رہی ہیں۔ انہوں نے ساتھ لکھا کہ ’ہولی کے پرانے دنوں کو یاد کرتے ہوئے۔
اپنے شوہر نک جونس کے ساتھ لندن میں مقیم پرینکا چوپڑا نے اپنی فیملی کے ساتھ تصاویر شیئر کی ہیں جس میں ان کے ساس اور سسر بھی ان کے ہمراہ ہیں، انہوں نے لکھا کہ ’رنگوں کا تہوار ہولی میرے پسندیدہ تہواروں میں سے ایک ہے۔امید ہے کہ ہم اسے اپنوں کے ساتھ منا سکیں لیکن گھروں میں۔ آپ سب کو ہولی مبارک۔‘
ابھیشیک بچن نے بھی اپنی اہلیہ ایشوریا رائے اور بیٹی اردھیا کے ساتھ ایک پرانی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ’محفوظ اور بے فکری کے دنوں کی ایک یاد۔ آپ سب کو ہولی مبارک۔ براہ مہربانی اس خوبصورت تہوار کو منائیں لیکن اپنے گھروں میں حفاظت کے ساتھ۔ کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے اور ہمیں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہے۔ گھر رہیے، گجیا (مٹھائی) کھائیے،اپنے والدین کی دعائیں لیجیے اور اپنے خاندان کا خیال رکھیے۔‘
اداکارہ جینیلیا ڈی سوزا نے اپنے شوہر رتیش دیش مکھ کے ساتھ ویڈیو شیئر کی جس میں وہ ایک دوسرے سے ہولی کے رنگوں میں رنگ کر محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔ جینیلیا نے اس ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ ’ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے تہوار کو خاص بنانے کا طریقہ ڈھونڈیے۔ ہیپی ہولی۔‘ 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Sanjay Dutt (@duttsanjay)

بالی وڈ کے ہدایت کار کرن جوہر اور لیجنڈری اداکار سنجے دت نے بھی اپنی فیملی کے ساتھ ہولی کی تصاویر شیئر کیں اور لوگوں کو احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے تہوار کی مبارکباد دی۔

شیئر: