Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی خیراتی اداروں کا جذبہ مدد کو عبادت سمجھتا ہے

فلاحی تنظیمیں یتیم بچوں کو تعلیمی اور طبی سہولیات فراہم کرتی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب میں رمضان کے مہینے میں فلاحی کاموں میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جاتا ہے جہاں کمیونٹیز یتیموں کی تعلیم کے اخراجات اور خاندانوں کو خود انحصاری کے قابل بنانے کے لیے ضروری وسائل فراہم کرتی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ماہ مقدس میں کی جانے والی ان کوششوں کے پیچھے ایمان کا وہ جذبہ ہے جو دوسروں کی مدد کرنے کو عبادت سمجھتا ہے۔
سعودی عرب میں فلاحی عطیات محفوظ طریقے سے ضرورت مندوں تک پہنچانے کے لیے باقاعدہ نظام مربوط ہے جو حقیقی معنوں میں زندگیاں بدل دیتا ہے۔
ریاستی سلامتی کے اداروں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ عطیات صرف مستند اور منظور شدہ ذرائع سے دیے جائیں، بین الاقوامی عطیات کے حوالے سے  کنگ سلمان امدادی مرکز مجاز ادارہ ہے۔
رمضان کے دوران عطیات کو بہتر انداز میں منظم کرنے والے مستند اداروں میں ریاض میں قائم فلاحی ادارہ ’انسان‘ یتیموں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتا ہے۔
انسان کے ڈائریکٹر جنرل محمد المحارب نے بتایا ہے’ ماہ مقدس میں یہ ادارہ  یتیم بچوں کو خوشیوں میں شامل کرنے کے لیے مختلف  منصوبوں کے تحت ’عید گفٹ پیکجز‘ کا آغاز کرتا ہے۔

عطیات ضرورت مندوں تک پہنچانے کے لیے باقاعدہ نظام مربوط ہے۔ فوٹو عرب نیوز

روایتی افطار پیکٹ کی تقسیم کے بجائے مالی امداد کو ترجیح دی جاتی ہے اور رمضان باسکٹس کی رقم ضرورت مند خاندانوں کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جاتی ہے۔
ادارے کی سال بھر کی سرگرمیوں کا اہم جُزو  یتیم بچوں کی تعلیم اور صحت ہے تاہم رمضان میں اس عمل پر توجہ مزید بڑھ جاتی ہے۔
عید گفٹس اور افطار اجتماعات جیسے منصوبوں کے لیےعطیات دینے والوں سے صرف انسان کے مستند ذرائع سے ہی تعاون کی اپیل کی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل نے ادارے کے تمام منصوبوں اور خدمات میں شفافیت کو اولین ترجیح دینے کے عزم کو دہراتے ہوئے بتایا ہے ادارہ اس حوالے سے ایوارڈز بھی حاصل کر چکا ہے۔
جدہ کی الخیر سوسائٹی1981 سے قائم ہے جو غریب خاندانوں، یتیموں اور گردے کے مریضوں کو سماجی خدمات فراہم کرتی ہے۔
ادارے نے متعدد بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں جن میں ہشام عطار اور عبد الکریم بکر میڈیکل سینٹرز نے 70 سے زائد مشینوں کے ذریعے 660000 سے زیادہ ڈائیلیسس سیشنز مکمل کیے اور مریضوں کو نفسیاتی، طبی اور سماجی خدمات بھی فراہم کی ہیں۔

متعدد منصوبے کے تحت مستحقین میں رمضان فوڈ باسکٹس تقسیم کی جاتی ہیں۔ فوٹو انسٹاگرام

الخیر سوسائٹی سیکڑوں خاندانوں کی فلاح، پیشہ ورانہ تربیت اور خود انحصاری کے لیے مالی معاونت اور یتیم بچوں کو تعلیمی اور طبی سہولیات فراہم کرتی ہے۔
قطیف چیریٹی سعودی عرب کی فلاحی تنظیم گذ شتہ 60 سال سے خدمات انجام دے رہی ہے اور غریبوں کا معاشی، سماجی اور طبی معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔
قطیف چیریٹی تقریباً 1300 طلبہ کی معاونت کر رہا ہے، جن میں201 یونیورسٹی کے طلبہ شامل ہیں اور  22 طلبہ اس سال فارغ التحصیل ہوں گے۔
اس ادارے نے اب تک 370 خاندانوں اور 500 یتیم بچوں کی کفالت کی ہے اور 70 سے زائد منصوبے مکمل کئے ہیں۔

رمضان میں فلاحی کاموں میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جاتا ہے۔ فوٹو ایکس 

قطیف چیریٹی کے صدر  اسامہ الزایر نے بتایا ’ تنظیم کے رمضان پروگرام مقدس مہینے کے آغاز سے پہلے ہی شروع ہو جاتے ہیں۔
جمعہ چیریٹی، لیلۃ القدر چیریٹی اور زکوٰۃ الفطر جیسے منصوبے کے تحت مستحقین میں رمضان فوڈ باسکٹس تقسیم کی جاتی ہیں۔
عطیات کو آسان بنانے کے لیے ادارے نے آن لائن ڈونیشن پلیٹ فارم  لانچ کیا ہے اور ہر چھوٹا یا بڑا عطیہ ادارے کی خدمات مزید بڑھاتا ہے۔
عسیر میں’ أجاوید‘ نامی فلاحی مہم نے رمضان کے دوران مریضوں کے گھروں میں جا کر طبی سہولیات فراہم کی ہیں جن میں ویکسینیشن، لیبارٹری ٹیسٹ اور ادویات کی فراہمی شامل تھی۔
 

 

شیئر: